حیدرآباد نے پہلے میچ میں راجستھان کو ہرایا

   

حیدرآباد: ایشان کشن نے آئی پی ایل میں آج اپنی پہلی سنچری بنائی جو یادگار ثابت ہوئی جبکہ سن رائزرز حیدرآباد نے یہاں راجستھان رائلز کو 44 رنز سے شکست دے دی۔ ریان پراگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا جس کا حیدرآباد کے بیاٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اوپنرز ابھیشک شرما نے برق رفتار 24 اور ٹراویس ہیڈ نے 67 رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر ایشان کشن نے رنوں کی بارش کردی۔ انھوں نے 47 گیندوں میں 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 106 ناٹ آؤٹ بنائے۔ اور حیدرآباد کی جیت پر میچ ایوارڈ سے نوازے گئے۔ کشن نے 45 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ ایس آر ایچ نے 286/6 اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں سنجو سیمسن اور دھروو جوریل کی دھواں دھار ہاف سنچریوں کے باوجود راجستھان ٹیم 242/6 تک محدود رہی۔ شمرن ہٹ مائر (42) اور شوبھم دوبے (34) نے بھی تیزرفتار رنز بنائے لیکن یہ ٹیم کو فتح نہیں دلا سکے کیونکہ جوابی اننگز کا آغاز 50/3 کے ساتھ اچھا نہیں ہوا تھا۔ آج جوفرا آرچر، محمد شامی اور پیاٹ کمنز سبھی نامور بولروں کی پٹائی ہوئی۔ آرچر نے 4 اوورز میں 76 رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لی جو آئی پی ایل میں منفی ریکارڈ ہے۔