حیدرآباد۔ حیدرآباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے مرکزی حکومت کی بین وزارتی ٹیم 22 اکٹوبرکو دو روزہ دورہ حیدرآباد و تلنگانہ کے لئے پہنچے گی اور اس بین وزارتی کمیٹی کی جانب سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ دہلی سے حیدرآباد پہنچنے والی ٹیم دو یوم کے دوران حیدرآباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کے متعلق بھی معلوما ت حاصل کرے گی۔ریاست تلنگانہ میںجاری بارش کے دوران 101تالابوں کو نقصان پہنچا ہے اور تالابوں کے پشتوں کی مرمت کیلئے ابتدائی طور پر 10 کروڑ روپئے درکار ہوں گے۔ شہر حیدرآباد میں اپپا جنکشن چیروو ‘ پلے چیروو اور گررم چیروو(بالاپور تالاب) کے پشتوں کے ٹوٹنے کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں 98 تالابوں کے پشتوں کو نقصان پہنچا ہے۔