حیدرآباد و اضلاع میں شدید بارش ۔ شہر میں درخت و بورڈ گرنے کے واقعات

,

   

بہادر پورہ میں ایک شخص ہلاک ۔ آئندہ 5 دن کیلئے انتباہ ۔جی ایچ ایم سی حدود میں 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

حیدرآباد۔ 7۔مئی ۔ (سیاست نیوز) ریاست کے بیشتر اضلاع میں اچانک موسلادھار بارش کی وجہ سے موسم تبدیل ہوگیا ہے اور عوام کو شدت کی گرمی سے راحت نصیب ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد میں بھی سہ پہر کے بعد سے موسم تبدیل ہوا ‘ تیز ہواوں کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا ۔ بارش موسلادھار رہی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو بھی پانی جمع ہونے کی شکایت کا سامنا کرنا پڑا ۔ رات دیر گئے موصولہ اطلاع کے بموجب میاں پور چندا نگر سرکل میں سب سے زیادہ بارش ہوئی جبکہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں جملہ 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ ریاست میں موسم آئندہ پانچ دن تک ایسا ہی رہے گا ۔ وقفہ وقفہ سے تیز ہواوں اور گرج چمک کا امکان ہے ۔ کہیں کہیں شدید بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں تیز ہواوں اور شدید بارش کی وجہ سے کچھ مقامات پر درختوں اور اشتہاری فلیکس گرنے کے واقعات پیش آئے جبکہ بہادر پورہ میں ایک شخص بارش کے دوران برقی شاک کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا ۔ گذشتہ 10 یوم سے جاری گرمی کی شدت سے تلنگانہ کے باشندوں بالخصوص شہریان حیدرآباد کو آج کچھ راحت نصیب ہوئی جب کئی مقامات پر گھنے بادلوں کے ساتھ اچانک موسم تبدیل ہوگیا اور موسلادھار بارش شروع ہوگئی ۔شہر کے علاوہ نواحی علاقوں میں اچانک موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور بیشتر مقامات پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا ۔شہر کی مصروف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک میں خلل کے سبب کئی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگئی ۔ دونوں شہروں کے علاوہ کئی اضلاع میں ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی ۔دونوں شہروں کے علاقوں نامپلی ‘ عابڈس‘ معظم جاہی مارکٹ‘ بندلہ گوڑہ ‘ فلک نما‘ مغل پورہ‘ محبوب چوک‘ سکندرآباد‘ بوئن پلی ‘ کوکٹ پلی ‘ بنجارہ ہلز ‘ جوبلی ہلز‘ اپل‘ عنبرپیٹ کے علاوہ ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم میں بھی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں ۔ شہر کے کئی علاقوں میں ہورڈنگس پر لگے فلیکس اڑ کر برقی تاروں پر جاگرے جس سے برقی سربراہی منقطع ہوگئی ۔ حلقہ کریم نگر میں جہاں وزیر اعظم مودی کے دورہ کی تیاریاں کی جارہی تھیں تیاریاں درہم برہم ہونے کی اطلاع ہے ۔ شہر کے علاوہ میدک‘ سدی پیٹ ‘ منچریال ‘ حضور آباد اور سرسلہ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ۔ شہر میں بارش کے نتیجہ میں گچی باؤلی ‘ مادھاپور‘ نامپلی ‘ خیریت آباد‘ چندا نگر ‘ میاں پور‘ فتح نگر‘ افضل گنج ‘ بیگم بازار و کئی اہم مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک جام کے سبب راہگیروں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔ جی ایچ ایم سی کی ڈی آر ایف ٹیموں نے پانی کی نکاسی انجام دی ۔ 3