حیدرآباد و دیگر 3 کارپوریشنوں کے میئر کا عہدہ خواتین کیلئے محفوظ

   

Ferty9 Clinic

10 کارپوریشنوں و 121 میونسپلٹیز کیلئے تحفظات کو قطعیت، 38 میونسپل کونسل صدور نشین بی سی ہونگے
حیدرآباد۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے میونسپل کارپوریشنوں کے میئرس اور میونسپل کونسلس کے چیرپرسنس کے عہدوں پر تحفظات کو قطعیت دے دی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ شہری مجالس مقامی کے اداروں کے انتخابات جلد منعقد ہوں گے۔ کمشنر اینڈ ڈائرکٹر میونسپل آڈمنسٹریشن کے دفتر میں سیاسی نمائندوں کی موجودگی میں ڈرا کے ذریعہ تحفظات کا تعین کیا گیا۔ بتایا گیا کہ مجالس مقامی چناؤ کیلئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور فروری کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں رائے دہی ہوگی۔ میونسپل کارپوریشنوں میں حیدرآباد، نظام آباد، کھمم اور نلگنڈہ کے میئرس کا عہدہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ ان کارپوریشنوں میں میئر کے عہدہ کو ویمن (جنرل) کیلئے محفوظ کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی میں یہ دوسرا موقع ہے جب میئر کے عہدہ کو خواتین کے عام زمرہ کیلئے مختص کیا گیا ۔ مسلسل دوسری مرتبہ حیدرآباد کی میئر خاتون ہو گی۔ کریم نگر، محبوب نگر اور منچریال کارپوریشنوں کے میئر کا عہدہ بی سی (جنرل) کیلئے مختص کیا گیا۔ راماگنڈم کارپوریشن ایس سی (جنرل)، کتہ گوڑم کارپوریشن ایس ٹی (جنرل) کیلئے مختص کئے گئے جبکہ ورنگل کارپوریشن ریاست کا واحد کارپوریشن ہے جس کے میئر کا عہدہ محفوظ نہیں کیا گیا اور کوئی بھی اس کیلئے مقابلہ کرسکتا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی موجودہ میئر جی وجئے لکشمی ہیں اور کارپوریشن کی میعاد 10 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 2009 بلدی انتخابات کے بعد بی کارتیکا ریڈی کو میئر بنایا گیا تھا۔ آنجہانی سروجنی پلا ریڈی حیدرآباد کی پہلی خاتون میئر تھیں۔ ورنگل اور کھمم میں بھی موجودہ میئرس خواتین ہیں۔ حکومت نے 121 میونسپلٹیز کے چیرپرسن اور 10 کارپوریشن کے میئر کے عہدوں پر قرعہ اندازی کے ذریعہ تحفظات کو قطعیت دی ہے ۔ 2011 مردم شماری کے اعتبار سے تحفظات کو طے کیا گیا۔ 121 میونسپلٹیز میں 38 چیرپرسن کے عہدے بی سی (پسماندہ طبقات) کے لئے مختص کئے گئے۔ ایس ٹی طبقہ کیلئے 5 اور ایس سی طبقہ کیلئے 17 چیرپرسن عہدے محفوظ کئے گئے۔ 61 چیرپرسن عام زمرہ کے تحت تحفظات کے بغیر ہیں جن میں 31 خواتین کیلئے مختص کئے گئے جبکہ باقی 30 میں کھلا مقابلہ رہے گا۔ بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے اسمبلی حلقہ سرسلہ کے عہدہ کو ویمن (جنرل) جبکہ ہریش راؤ کے اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے عہدہ کو بی سی (جنرل) کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل میونسپل کونسل کے چیرپرسن کا عہدہ عام زمرہ کے تحت رکھا گیا ہے۔ 1