حیدرآباد و سکندرآباد لوک سبھا حلقوں میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ

   

دانا کشور کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس، کمشنر پولیس اور دیگر عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 12۔ فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا کمشنر جی ایچ ایم سی و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر دانا کشور نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا ۔ پولیس کمشنر انجنی کمار کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں ، ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس نے شرکت کی ۔ دانا کشور نے بتایا کہ فروری کے اواخر یا مارچ کے پہلے ہفتہ میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔ لہذا ابھی سے عہدیداروں کو تیاریوں کا آغاز کرنا چاہئے ۔ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کیلئے جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد اور حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کیلئے کلکٹر حیدرآباد ریٹرننگ آفیسرس ہوں گے ۔ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے ڈپٹی کمشنرس ، زونل کمشنرس اور آر ڈی او عہدیداروں کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے ۔ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے تحت مشیرآباد ، عنبر پیٹ ، خیریت آباد ، جوبلی ہلز ، صنعت نگر ، نامپلی اور سکندرآباد اسمبلی حلقہ جات آتے ہیں جبکہ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں ملک پیٹ ، کاروان ، گوشہ محل ، چارمینار ، چندرائن گٹہ ، یاقوت پورہ اور بہادر پورہ اسمبلی حلقہ شامل ہیں۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ کے تحت آتا ہے۔ 10 فروری 2019 ء تک سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے رائے دہندوں کی جملہ تعداد 19 لاکھ 14 ہزار 954 ہے جبکہ 706 عمارتوں میں 1809 پولنگ اسٹیشن رہیں گے ۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے رائے دہندوں کی تعداد 19 لاکھ 32 ہزار 926 ہے جبکہ 770 مقامات پر 1935 پولنگ بوتھس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقوں میں 1404 حساس پولنگ اسٹیشنس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دانا کشور نے بتایا کہ 22 فروری کو فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی جس میں رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں جس طرح بہتر انتظامات کئے گئے تھے ، اسی طرح لوک سبھا انتخابات کیلئے بھی تیاریاں کی جائیں۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات کے اے سی پی رتبہ کے عہدیداروں کو نوڈل آفیسرس کی حیثیت سے مقرر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تمام لائسنس یافتہ ہتھیاروں کو ڈپازٹ کردیا گیا ہے اور انتخابی مقدمات میں ملوث افراد کو باؤنڈ اوور کیا جائے گا ۔ اجلاس میں حیدرآباد کے انچارج کلکٹر روی ، ڈپٹی کمشنران رمیش اور عنبر کشور جاہ اور دوسروں نے شرکت کی ۔ مشیرآباد میں 57 ، ملک پیٹ 119 ، عنبر پیٹ 91 ، خیریت آباد 58 ، جوبلی ہلز74 ، صنعت نگر 54 ، نامپلی 71 ، کاروان 57 ، گوشہ محل 57 ، چارمینار 163 ، چندرائن گٹہ 162 ، یاقوت پورہ 185 ، بہادر پورہ 139 ، سکندرآباد 47 اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں 70 پولنگ اسٹیشنوں کی حساس اسٹیشنوں کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ہے۔