حیدرآباد و سکندرآباد لوک سبھا حلقہ جات میں آج رائے شماری

   

13 رائے شماری مراکز، پوسٹل بیالٹ کیلئے علیحدہ مراکز کا قیام، 1200 ملازمین کی خدمات
حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کے تحت لوک سبھا حلقہ جات حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی رائے شماری کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے آج خیریت آباد اسمبلی حلقہ کے تحت رائے شماری مرکز کا معائنہ کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اِس موقع پر رونالڈ راس نے کہاکہ حیدرآباد اور سکندرآباد پارلیمانی حلقہ جات میں صبح 8 بجے سے رائے شماری شروع ہوگی اور پہلے پوسٹل بیالٹ کی گنتی کی جائے گی۔ رونالڈ راس کے مطابق حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے پوسٹل بیالٹ کی گنتی نمائش میدان پر واقع کملا نہرو پالی ٹیکنک میں رہے گی جوکہ چارمینار اسمبلی حلقہ کا کاؤنٹنگ سنٹر ہے۔ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے پوسٹل بیالٹ کی گنتی عثمانیہ یونیورسٹی کے سنٹر پروفیسر رام ریڈی سنٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن میں رہے گی جوکہ سکندرآباد اسمبلی حلقہ کا رائے شماری مرکز ہے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی سی ایس آئی آئی ٹی ویزلی کالج سکندرآباد میں رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ رونالڈ راس کے مطابق صبح 8 بجے سے 3 مراکز پر پوسٹل بیالٹ کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ باقی 12 مراکز پر صبح 8 بجے سے ای وی ایم مشینوں کے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔ رائے شماری کے لئے 1200 ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ حیدرآباد ضلع میں 13 مقامات پر رائے شماری ہوگی جس کے تحت جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں 20 ٹیبل رہیں گے۔ باقی اسمبلی حلقہ جات میں 14 رائے شماری ٹیبلس کا انتظام کیا گیا ہے۔ یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ میں 24 راؤنڈ جبکہ چارمینار اسمبلی حلقہ میں 15 راؤنڈس میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگی۔ رونالڈ راس کے ہمراہ سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر ہیمنت کیشو پاٹل، خیریت آباد کے اے آر او سہادیو راؤ اور دیگر اسمبلی حلقہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ رونالڈ راس نے آج کاؤنٹنگ آفیسرس کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ 1