گاڑیوں کی آمدورفت کا مشاہدہ بھی مشکل، عوام کو محفوظ سفر کی تلقین
حیدرآباد۔3۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآبا دوسکندرآباد میں صبح کی اولین ساعتوں کے دوران گہرے کہر کی چادر کے نتیجہ میں طویل مسافت تک دیکھنے والی نظریں کمزور ہونے لگی ہیں اور کئی مقامات پر کہر کی گہری چادر کے سبب 50 میٹر کے فاصلہ پر بھی بہ آسانی دیکھنا انتہائی دشوار کن ہونے لگا ہے۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں بالخصوص شہر کو مربوط کرنے والی شاہراہوں کے علاوہ گنجان آبادیوں میں بھی کہر کے نتیجہ میں صبح کافی دیر تک بھی لوگ گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے لگے ہیں ۔محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کے علاوہ شاہراہوں کو محفوظ بنائے رکھنے کی ذمہ دار اتھاریٹی نے شاہراہوں پر صبح کی اولین ساعتوں میں گذرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورس سے رفتار دھیمی رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں کہر کے اس دور میں شاہراہوں اور سڑکوں کو محفوظ بنائے رکھنے کے اقدامات پر زور دیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں سردی کی لہر کمزور پڑنے لگی ہے اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے لیکن موسم سرما کے آخری ایام میں گہرے کہر کا یہ سلسلہ آئندہ 2 یوم رہنے کے امکانا ت ظاہر کرتے ہوئے سڑکوں کو محفوظ بنائے رکھنے کی تاکید کی جا رہی ہے اور کہا جارہاہے کہ صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ریاست کے بیشتر شاہراہوں پر 0.9 تا 1 کیلو میٹر کی بینائی ریکارڈ کی جانے لگی ہے جو کہ انتہائی کم ہے اور اس طرح کی صورتحال میں حادثات کے خدشات میں اضافہ ہوتا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآبادکے کئی نواحی علاقوں میں بھی صبح کی اولین ساعتوں میں گہرے کہر کی چادر دیکھی گئی جس کے نتیجہ میں طویل مسافت کی بینائی متاثر رہی ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ کے مطابق5 جنوری کی صبح تک دونوں شہروں کے ساتھ ریاست کے کئی اضلاع میں کہر کا سلسلہ جاری رہے گا اور صبح کی اولین ساعتوں میں کہر کی چادر گہری رہنے کا خدشہ ہے۔3
