ٹائمس میگزن سے عالمی سطح پر رینکس کا اعلان ،ہندوستان سے 89 ادارے شامل، عثمانیہ۔ اے یو ایس سی کو مقام حاصل
حیدرآباد ۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) ٹائمس میگزن کی رینک فہرست میں حیدرآباد ٹرپل آئی ٹی کو دونوں تلگو ریاستوں میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ لندن سے جاری ہونے والے ٹائمس میگزن نے عالمی سطح پر موجودہ تعلیمی اداروں کو رینک مختص کرتے ہوئے فہرست جاری کی ہے۔ سال 2022ء سے متعلق ٹائمس میگزن نے رینک جاری کئے ہیں۔ تازہ رینک میں یونائیٹیڈ کنگڈم سے تعلق رکھنے والے آکسفورڈ یونیورسٹی کو عالمی سطح پر سرفہرست مقام حاصل کیا ہے جبکہ امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کو دوسرا، ہاورڈ، اسٹانفورڈ کو بالترتیب تیسرا اور چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ ہمارے ملک ہندوستان سے 89 اداروں نے ٹائمس میگزن کی فہرست میں مقام حاصل کیا ہے جن میں بنگلورو کے بنگلورو انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی) کو ہندوستان میں سرفہرست مقام ملا جبکہ بین الاقوامی سطح پر اس ادارے نے 301 تا 350 رینکوں کے زمرے میں مقام بنایا ہے۔ 351 تا 400 رینک کے زمرے میں آئی آئی ٹی روپال (پنجاب)، آئی آئی ٹی اندور، جے ایس ایس اکیڈیمک آف ہائر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ آلہ گیا یونیورسٹی، تھاپر یونیورسٹی مقام حاصل ہوا۔ ملک کی معروف یونیورسٹیز جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (دہلی)، بنارس ہندو یونیورسٹی، دہلی ٹکنالوجی یونیورسٹی، جامعہ پنجاب یونیورسٹیز کو 601 تا 800 زمرے میں شامل کیا گیا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی کئی یونیورسٹیز کو ٹائمس میگزن کی فہرست میں مقام حاصل ہوا۔ حیدرآباد میں موجودہ انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی آئی آئی ٹی) 601 تا 800 رینک کے زمرے میں مقام حاصل کرنے والی دونوں تلگو ریاستوں کی پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے۔ وی آئی ٹی یونیورسٹی، آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی، کے ایل یونیورسٹی، عثمانیہ یونیورسٹی، آندھرا یونیورسٹی، وینکٹیشورا یونیورسٹی، اننت پور کی جے این ٹی یو 1001 تا 1200 رینک زمرے میں شامل ہیں۔ A
جملہ 99 ممالک سے تعلق رکھنے والے 1600 سے زائد تعلیمی اداروں کو ٹائمس نے رینک فراہم کیا ہے۔ معیاری تعلیم فیکلٹی، ریسرچ، نشرواشاعت بین الاقوامی سرگرمیاں جیسے پہلوؤں کو رینکنگ دائرے میں شامل کرتے ہوئے رینک مختص کئے گئے ہیں۔