190 رنز کی سبقت کے بعد 28 رنز سے شکست، 231 کا ٹارگٹ ممکن نہ ہوا، اسپنر ٹام ہارٹلی کو 7 وکٹ، شاندار سنچری پر اولی پوپ کو میچ ایوارڈ
حیدرآباد: اسپنر ٹام ہارٹلی کی سات وکٹوں کی جارح گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ٹسٹ میچ کے آج چوتھے دن اتوار کو دوسری اننگز میں ہندوستان کو 202 رنز پر محدود کرنے کے بعد 28رنز سے سنسنی خیز کامیابی درج کرائی۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ 231 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کے بیاٹرز یکے بعد دیگر اپنی وکٹ گنواتے ہوئے 69.1اوورز میں ڈھیر ہو گئی۔ کپتان روہت شرما نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے ۔ لوکیش راہول 22 ، اکشر پٹیل 17، یشسوی جیسوال 15، رویندر جڈیجہ 2 رنز بناپائے جبکہ شبھمن گل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے ۔ شریاس ایئر 13 ، وکٹ کیپر ؍بیاٹر شریکر بھرت 28 ، آر اشوین 28 اور محمد سراج 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ جسپریت بومرا 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر ہارٹلی نے 7/62 کے میچ وننگ اعداد و شمار درج کرائے حالانکہ انھوں نے پہلی اننگز میں 25-0-131-2 کی غیرمعیاری گیندبازی کی تھی۔ جوزف روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 246 کے مقابل میزبانوں نے 436 اسکور کئے تھے۔ اس سے قبل چوتھے دن ہندوستانی گیند بازوں نے دوسری اننگز میں لنچ سے قبل انگلینڈ کو 420 کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا اور راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اوپل میں انڈیا کو جیت کیلئے 231 کا ٹارگٹ ملا تھا۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ نے تیسرے دن کے اپنے اسکور 317/6 سے آگے کھیلا۔ بومرا نے ریحان احمد کو 28 رنز پر بھرت کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کو ساتواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد اشوین نے ہارٹلی کو 34 رنز پر بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ نویں وکٹ کے طور پر مارک ووڈ(صفر) کو جڈیجہ نے بھرت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی پوپ نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ وہ ہندوستان کے خلاف دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے پہلے غیر ملکی بلے باز ہیں۔ بین فوکس (34 رنز) اور پوپ کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے 112رنز کی شاندار شراکت ہوئی۔پوپ نے پہلی اننگز میں جڈیجہ کے خلاف 1 رن پر آؤٹ ہونے کے بعد بہت جلد توڑ نکالا اور دوسری اننگز میں بھارتی اسپنرز کو بار بار ریورس سویپ کھیلتے ہوئے ناکام بنادیا۔ آخرکار پیس بولر بومرا نے انہیں 196 کے اسکور پر بولڈ کرکے ڈبل سنچری سے محروم کیا اور انگلینڈ کی دوسری اننگز 420رنز پر سمٹ گئی۔ بومرا نے سب سے زیادہ 4 وکٹ لئے جبکہ اشوین کو 3 وکٹ حاصل ہوئے۔ پوپ کو دوسری اننگز میں فیصلہ کن 196 رنز کی شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔دوسرا ٹسٹ وشاکھاپٹنم میں 2 فبروری کو شروع ہوگا۔