حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے تحت لاء اینڈ آرڈر اور دیگر شعبوں میں پولیس عہدیداروں کی تعیناتی

   

محکمہ کو رول ماڈل بنانے عہدیداروں کو مشورہ، سی وی آنند کمشنر پولیس کا خطاب

حیدرآباد ۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود کے تحت لا اینڈآرڈر اور دیگر محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے سٹی کمشنر سی وی آنند نے سی اے آر ہیڈ کوارٹرس میں کام کرنے والے 573 اے آر کانسٹبلز جس میں 223 خواتین اور 350 مرد کو حیدرآباد سٹی میں 284، محکمہ ٹریفک میں 225، اسپیشل برانچ میں 25 ، ٹاسک فورس میں 25، ایچ نیو میں 8 اور سائبر کرائمس میں 6 کانسٹبل کو تقرر کیا۔ آئی سی سی سی بلڈنگ
آٹیٹوریم میں 573 سی اے آر کانسٹبل کے ساتھ ایک سیشن منعقد کیا۔ تربیت کے بعد 450 سیول کانسٹبل، 873 سی اے آر کانسٹبل نے ڈیوٹی کے لئے رپورٹ کیا۔ 200 کانسٹبلوں کی اضافی 10 پلاٹون اور مزید 100 کانسٹبلس کو بطور ڈرائیور الاٹ کیا۔ باقی 573 کو تھانوں میں ٹریفک اور دیگر ونگس میں منسلک کیا گیا ہے۔ سی وی آنند نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ آپ کو سبھی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے خاص کر عوام کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہئے۔ ہماری اس کوشش سے ہمیں یقین ہے کہ شہر میں امن و امان کی برقراری میں کافی راحت ملے گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے کہ شہر میں امن کو برقرار رکھا جائے جس کے لئے اضافی پولیس کو تعینات کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ فوراً اپنی ڈیوٹی پر آجائیں اور اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو فوراً رپورٹ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس عوام کے ساتھ فرینڈلی پولیس کا رویہ اختیار کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آپ سب اس فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے پورے محکمہ کے لئے رول ماڈل بنے۔ اس موقع پر وکرم سنگھ مان ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر، پریملا حنا نوتن جوائنٹ سی پی ایڈسن، رکشتا کرشنا مورتی، ڈی سی پی سی اے آر ہیڈ کوارٹر حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ (ش)