گچی باؤلی میں عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے حیدرآباد کا ثالثی مرکز (آربیٹشن سنٹر) عالمی شہرت حاصل کرنے کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سنٹر کے حیدرآباد میں قیام سے شہر کی شہرت میں مزید اضافہ ہوگا۔ عمارت کی تعمیر کیلئے گچی باؤلی میں قیمتی اراضی مختص کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر کیا۔ جسٹس این وی رمنا نے ہائی ٹکس کے عقب میں موجود 3.7 ایکر اراضی پر آربیٹیشن میڈلیشن سنٹر کی مستقل عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ بعدازاں خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے کہاکہ حیدرآباد میں ایک بین الاقوامی ثالثی مرکز پہلے سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ وہ امید کرتے ہیں حیدرآباد ساری دنیا میں سنگاپور کی طرح شہرت حاصل کرے گا۔ انہوں نے آئندہ ایک سال میں عمارت تعمیر ہوجانے کی توقع کا اظہار کیا۔ این وی رمنا نے کہاکہ آئی اے ایم سی کی تجویز جب چیف منسٹر کے سی آر کو بتائی گئی تو انہوں نے اس کو فوری قبول کیا اور تیزی کے ساتھ ایک عارضی مرکز قائم کردیا۔ میرے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر کا بھی ماننا ہیکہ ثالثی کے ذریعہ بہت سارے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ آج اس عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انہیں بہت زیادہ خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ان تعمیری کاموں کیلئے 50 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ نے ثالثی سنٹر کی عمارت کی تعمیر میں تعاون کرنے پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا، چیف منسٹر کے سی آر، ریاستی وزیر کے ٹی آر سے اظہارتشکر کیا۔ اس تقریب میں سپریم کورٹ کی جج جسٹس ہماکوہلی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ستیش چندرا شرما، ریاستی وزراء کے ٹی آر، محمد محمود علی، اندراکرن ر یڈی، سرینواس یادو، سبیتا اندرا ریڈی، سرینواس گوڑ کے علاوہ دوسرے نے شرکت کی۔ن