حیدرآباد کا راشٹرپتی نیلائم پانچویں نظام کا تاریخی ورثہ

   

Ferty9 Clinic

160 سالہ قدیم عمارت ، جہاں صدر جمہوریہ تعطیلات گزارتے ہیں
حیدرآباد : 16 ڈسمبر ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے پڑوس سکندرآباد کے بولارم میں واقع راشٹرپتی نیلائم صدر جمہوریہ ہند کے سرمائی تعطیلات گزارنے کے طور پر ایک منفرد و تاریخی حیثیت رکھتا ہے ۔ یہ عمارت نہ صرف صدارتی وقار کی علامتہے بلکہ 160 سال سے زائد پر محیط اس کی تاریخ حیدرآباد کی سیاسی اور ثقافتی وراثت کی عکاس بھی ہے ۔ ہر سال ڈسمبر کے مہینہ میں صدر جمہوریہ کا یہاں قیام ایک روایت بن چکا ہے جس کے باعث یہ مقام قومی سطح پر خصوصی اہمیت اختیار کرگیا ہے ۔ راشٹرپتی نیلائم کی بنیاد 860 میں اس وقت رکھی گئی جب یہ علاقہ ریاست حیدرآباد کے تحت تھا ۔ پانچویں نظام نواب ناصر الدولہ کے دور میں تعمیر ہونے والی اس عمارت کو ابتداء میں ’ریذیڈنسی ہاؤس ‘ کہا جاتا تھا اور یہ سکندرآباد میںتعینات برطانوی ریذیڈنٹ کی کنٹری رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہوتی رہی ۔ تقریباً 90 سے 97 ایکڑ پر محیط اس وسیع و عریض عمارت برطانوی دور میں سیاسی طاقت کی علامت کے طور پر بھی کردار ادا کیا ۔ 1948ء میں آپریشن پولو کے ذریعہ حیدرآباد کی ہندوستانی مملکت میں انضمام کے بعد یہ عمارت حکومت ہند کے زیر انتظام آگئی ۔ بعد ازاں 1955 میں اسے صدر جمہوریہ ہند کی جنوبی ہند میں سرمانی رہائش گاہ قرار دیتے ہوئے ’’ راشٹرپتی نیلائم ‘‘ کا نام دیا گیا ، تب سے یہ عمارت ہر سال ڈسمبر میں صدر جمہوریہ کے عارضی دفتر اور قیام گاہ کے طور پر استعمال ہوتی آرہی ہے جہاں سے قومی سطح کے مختلف انتظامی اور آئینی اُمور انجام دیئے جاتے ہیں ۔ حالیہ برسوں میں راشٹرپتی نیلائم کو عوام کیلئے بھی کھول دیا گیا ہے جس سے یہ تاریخی ورثا عام شہریوں کیلئے مزید قابل رسائی بن گیا ہے ۔ مارچ 2023 میں وزیٹرس فیسیلٹیشن سنٹر کے افتتاح کے بعد لوگ یہاں کی نالج گیلری ، خوبصورت باغات ، چریال آرٹ ، قدم طرز سیڑھیاں والے کنویں اور دیگر تاریخی مقامات کا مشاہدہ کررہے ہیں ۔ اس عمارت میں نصب 120 فیٹ بلند پرچم پوسٹ بھی خاص توجہ کا مرکز ہے جو ستمبر 1948ء میں حیدرآباد کے انضمام کے موقع پر ترنگا لہرانے کی تاریخی یاد کو تازہ کرتی ہے ۔ ایک منزلہ اس عمارت میں 16 کمرے موجود ہیں جبکہ باورچی خانے اور ڈائننگ ہال کو مرکزی عمارت سے زیر زمین سرنگ کے ذریعہ جوڑا گیا ہے جو اس کے منفرد فن تعمیر کو ظاہر کرتا ہے ۔ اس تاریخی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو 17 سے 21 ڈسمبر تک پانچ دن کیلئے راشٹرپتی نیلائم میں سرمائی تعیطیلات گزاریں گی ۔ اپنے قیام کے دوران صدر جمہوریہ نہ صرف یہاں سے ائینی اور سرکاری اُمور انجام دیں گی بلکہ حیدرآباد اور تلنگانہ سے متعلق مختلف سرگرمیوں اور پروگرامس میں شرکت کا بھی امکان ہے ۔ صدر جمہوریہ کے قیام کے پیش نظر بولارم اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں خصوصی سیکیوریٹی اور انتظامات کئے جارہے ہیں ۔2