حیدرآباد کا نام بھاگیہ نگر رکھنے کی سازش: فلم اسٹار خوشبو

   

Ferty9 Clinic

حیدرآبادی بریانی کی مقبولیت، ملک میں سیکولرازم کے تحفظ کیلئے کانگریس کا اقتدار ضروری

حیدرآباد ۔ 8۔ اپریل (سیاست نیوز) فلم اسٹار خوشبو نے کہا کہ نریندر مودی نے ملک کے سیکولر ڈھانچہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے اور کانگریس پارٹی سیکولرازم اور دستور کا تحفظ کرے گی۔ تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے حیدرآباد میں موجود خوشبو نے آج چیوڑلہ میں کونڈا وشویشور ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے خوشبو نے کہا کہ کانگریس عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ حال ہی میں چھتیس گڑھ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے، برسر اقتدار آتے ہی ان کی تکمیل کی گئی۔ خوشبو نے کہا کہ کانگریس اور اس کی قیادت جملہ بازی پر یقین نہیں رکھتی اور نہ ہی اس نے نریندر مودی کی طرح 56 انچ کے سینے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں عوامی منشور تیار کیا گیا جو غریبوں اور متوسط طبقات کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئی اسکیمات کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا منشور ہر طبقہ کا احاطہ کرتا ہے ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ذریعہ مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ ملک ترقی کے معاملہ میں کئی سال پیچھے ہوچکا ہے۔ مودی نے ہمیشہ صرف دعوے کئے اور عوام کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات اہمیت کے حامل ہیں اور عوام کو یہ طئے کرنا ہے کہ کیا انہیں ملک میں سیکولرازم چاہئے یا نہیں ۔ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا کانگریس نے وعدہ کیا ہے ۔ 22 لاکھ نوجوانوں کو ایک سال میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کانگریس نے کئی اسکیمات تیار کی ہے ۔ بی جے پی کو نام تبدیل کرنے والی پارٹی قرار دیتے ہوئے خوشبو نے کہا کہ ملک میں سڑکوں اور شہروں کے نام تبدیل کئے جارہے ہیں ۔ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے یو پی میں کئی شہروں اور تاریخی مقامات کے نام تبدیل کردیئے ۔ وہ حیدرآباد کا نام بدل کر بھاگیہ نگر رکھنا چاہتے ہیں ۔ خوشبو نے کہا کہ حیدرآبادی بریانی دنیا بھر میں مشہور ہے لیکن اگر اسے بھاگیہ نگر بریانی کہا گیا تو اس کی مقبولیت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کے تحت 25 کروڑ خاندانوں کو سالانہ 72 ہزار روپئے کی آمدنی ہوگی ۔ ماہانہ 6,000 روپئے غریبوں کے بینک اکاؤنٹ میں راست طور پرجمع کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و یکجہتی کیلئے کانگریس کو مستحکم کرے۔