گلبرگہ میں چیف منسٹر کرناٹک کا اعلان، علحدہ سکریٹریٹ کا قیام ممکن نہیں
گلبرگہ :چیف منسٹر کرناٹک مسٹربسواراج بومائی نے 17ستمبر کو اپنے دورہ گلبرگہ کے موقع پر ڈی آے آر گرائونڈس گلبرگہ میںکلیان کرناٹک آزادی یادگار تقریب میںشرکت کے موقع پر اعلان کیا اور تیقن دیا کہ علاقہ حیدر آبادکرناٹک کے لئے دئے جانے والے ترقیاتی فنڈس جواس وقت تک سالانہ 1500کروڑ روپئے ہیں یہ آئیندہ ہ ریاستی بجٹ میں دوگنا کرکے سالانہ 3000کروڑ روپئے کردئے جائیںگے ۔ لیکن اس کے لئے ایک شرط یہ ہوگی کہ کلیان کرناٹک ترقیاتی بورڈ( حیدر آباد کرناٹک ترقیاتی بورڈ ) کواپنے پاس موجود 2000کروڑ روپیوںکے باقی فنڈس اس مالی سال ختم مارچ تک خرچ کردینے ہوںگے۔انھوںنے کہا کہ علاقہ حیدر آباد کی ترقی کیلئے اب تک جو 8000کروڑ روپیوں کے ترقیاتی فنڈس جاری کئے گئے تھے ان میں سے اس بورڈ نے 6000کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔اگر یہ بورڈ اپنے پاس موجود یہ رقم ختم مارچ تک 13,000 تعطل میںپڑے ہوئے ترقیاتی کاموںپر خرچ کرتا ہے تو اس صورت میں علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے لئے مختص ترقیاتی فنڈس سالانہ 1500کروڑ روپیوںسے بڑھا کر سالانہ 3000کروڑ کردئے جائیں گے ۔ چیف منسٹرنے یہ بھی اعلان کیاکہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی ترقی سے متعلق قائم شدہ دستور ہند کی دفعہ 371Jکے نفاذ سے متعلق قائم شدہ سیل بھی بنگلور سے گلبرگہ منتقل کردیا جائیگا ۔ اس سے یہ سیل موثر انداز میں A,B, Cاور D کے مخلوعہ گروپس کے مخلوعہ عہدوں کی بھرتی موثر انداز میںکرسکے گا۔ علاقہ حیدر آبادکرناٹک کے لئے ایک علیحدہ سیکریٹریٹ کے قیام کے مطالبہ اور گلبرگہ میں وزارتی کابینہ کااجلاس منعقدکرنے کے مطالبہ پر چیف منسٹر نے کہا کہ یہ ممکن نہیںہے کیوںکہ حکومت بہت سے اضافہ شدہ اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
