حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس ہنگامہ آرائی کا شکار

   

امبڈسمین اینڈ ایتھکس آفیسر کے تقرر پر اعتراض ، آئندہ اجلاس 11 اپریل کو مقرر
حیدرآباد۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کا جنرل باڈی اجلاس ہنگامہ آرائی کے دوران11 اپریل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا او راجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی جنرل باڈی ارکان اور اپیکس کونسل کے ارکان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے سبب اجلاس میں افراتفری پیدا ہوگئی اور روایتی امور کے علاوہ کسی اور مسئلہ پر بحث و مباحث نہیں ہوپائے اور نہ ہی اس جنرل باڈی اجلا س میں کوئی اہم فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن جناب محمد اظہر الدین اور اسوسیشن کے عہدیداروں نے گذشتہ جنرل باڈی اجلاس کے منٹ کو منظوری دینے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ہی جنرل باڈی اجلاس کے انعقاد کے وقفہ کے دوران فوت ہونے والے اسوسیشن سے وابستہ ارکان اور کرکٹرس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ جنرل باڈی اجلاس میں امبڈسمین اینڈایتھکس آفیسر کی حیثیت سے جسٹس دیپک ورما کے تقرر کے سلسلہ میں جنرل باڈی کی جانب سے ہنگامہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔ سال گذشتہ صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن جناب محمد اظہر الدین نے ماہ ستمبر میں جسٹس دیپک ورما کو ایک سال کے لئے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے امبڈسمین اینڈ اتھیکس آفیسر کی حیثیت سے تقرر کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن ایچ سی اے کی اپیکس کونسل کی جانب سے ان کے اس فیصلہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا گیا تھا اور جنرل باڈی اجلاس کے دوران بھی جسٹس دیپک ورما کے تقرر پر ہنگامہ آرائی کی گئی اور جنرل باڈی نے بھی صدر ایچ سی اے کے فیصلہ کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور کہا کہ جنرل باڈی کی جانب سے جسٹس نثار احمد کاکرو کا نام متعدد مرتبہ پیش کیا جاچکا ہے اور اس کے باوجوداظہرالدین نے اپنی مرضی سے اس عہدہ پر تقرر کیا ہے اسی مسئلہ پر ہنگامہ آرائی کے دوران حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کا جنرل باڈی اجلاس 11 اپریل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ آج منعقدہ اجلاس میں حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے سی ای او‘ سی ایف او ‘ سیلکٹرس کے علاوہ دیگر کے انتخاب کا بھی مسئلہ ایجنڈہ میں شامل تھا لیکن امبڈسمین اینڈ ایتھکس آفیسر کے اہم عہدہ پر تقرر کے معاملہ میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امبڈسمین اینڈ ایتھکس آفیسرکی ذمہ داریوں میں سب سے اہم جنرل باڈی یا ایپکس کونسل میں کسی بھی طرح کے اختلافات کی اسوسیشن میں ہی یکسوئی ہوتی ہے تاکہ اسوسیشن کے معاملات عدالت سے رجوع ہونے سے قبل ان امور کو خوشگوار ماحول میں ہی حل کرلیا جائے لیکن اس اہم عہدہ پر صرف صدرکے منتخب فرد کو نامزد کیا جانا مناسب نہیں ہے اسی لئے یہ ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے نتیجہ میں اجلاس ملتوی کردیا گیا