حیدرآباد۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ ٹیم میں اپنا انتخاب نہ ہونے کے بعد آناً فاناً کرکٹ سے سبکدوش ہوجانے والے امباٹی رائیڈو نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ رائیڈو نے تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راما راؤ سے اس معاملے میں جائزہ لینے کی اپیل بھی کی ہے۔ رائیڈو نے یہ الزام اپنے اُس اعلان کے ایک دن بعد لگائے ہیں، جس میں انہوں نے حیدرآباد کیلئے پرائمری کرکٹ سے چند ماہ کیلئے بریک لینے کی بات کہی ہے۔ امباٹی رائیڈو نے ٹوئٹ کیا کہ ’’ہیلو سَر! میں آپ سے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن میں جاری بدعنوانی روکنے کی اپیل کرتا ہوں جب تک حیدرآباد کرکٹ ٹیم میں پیسوں اور بدعنوان افراد کی دخل اندازی جاری رہے گی، تب تک کیسے ایک بہترین ٹیم بن سکتی ہے‘‘۔ رائیڈو نے ورلڈ کپ میں اپنے عدم انتخاب کے بعد ورلڈ کپ کے دوران ہی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی لیکن بعد میں اگست میں وہ کرکٹ سبکدوشی سے باہر آگئے تھے۔