حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو با قاعدہ بنانے کویتا کا عزم

   

حیدرآباد ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی دختر رکن کونسل کے کویتا نے مختلف اسکامس سے متاثر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو باقاعدہ بنانے اور بدعنوانیوں سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کویتا حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی کارکردگی کو بہتر اور موثر بنانا چاہتی ہیں جس کو حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی ٹیم کے انتخاب کے ضمن میں کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے جبکہ اس کی روزمرہ سرگرمیوں میں بھی بے قاعدگیوں کی اطلاع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کویتا اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہیں کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی ٹیم میں حیدرآبادی باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں کو موقع ملے۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کویتا گزشتہ چند ماہ سے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔ یہ بات مایوس کن ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کے ایچ سی اے کے صدر بننے کے باوجود اس کے کام کاج میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ ٹی آر ایس کا کارگذار صدر و وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے حال ہی میں ایک ٹوئٹ کرکے آئی پی ایل انتظامیہ سے حیدرآباد کے اپل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی پی ایل میاچیس کے انعقاد کی درخواست کی تھی تاہم آئی پی ایل انتظامیہ نے حیدرآباد کے لئے ایک بھی میاچ الاٹ نہیں کیا۔