حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے بینک اکاؤنٹس کو بحال کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس این وی شراون کمار نے کنارا بینک دلسکھ نگر برانچ کو ہدایت دی ہے کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے اکاؤنٹ کو بحال کرتے ہوئے غیر منجمد کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو اپنے قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹس کو چلانا چاہئے ۔ اسوسی ایشن حیدرآباد اور ریاست کے دیگر اضلاع میں کرکٹ سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق ادارہ ہے۔ بینک سے کہا گیا کہ وہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن اکاؤنٹ کے کے وائی سی کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے نئے عہدیداروں کے ناموں کو شامل کیا جائے۔ جسٹس شراون کمار نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے دائر کردہ پٹیشن پر یہ فیصلہ سنایا۔ درخواست گزار نے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی آئی ڈی کی ہدایت پر بینک کے اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا۔ اسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے بعض بے قاعدگیوں کی شکایت پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ مقدمہ میں بطور ملزم شامل نہیں ہیں اور کسی پیشگی اطلاع کے بغیر ہی جولائی میں اکاؤنٹس کو منجمد کردیا گیا جس کے نتیجہ میں مالی امور کی تکمیل میں دشواری ہورہی ہے۔ اسوسی ایشن نے غیر قانونی طور پر اکاؤنٹس منجمد کرنے پر 15 لاکھ روپئے معاوضہ کا مطالبہ کیا۔1