حیدرآباد کورونا ٹیکہ کی تیاری میں عالمی مرکز

   


بائیو ایشیاء 2021 کانفرنس کا افتتاح، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہاکہ کورونا ٹیکہ کی تیاری میں حیدرآباد عالمی مرکز میں تبدیل ہوگیا۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے بیگم پیٹ آئی ٹی سی کاکتیہ میں منعقدہ ’بائیو ایشیاء 2021‘ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس آن لائین کانفرنس سے دنیا کے مختلف مقامات سے 30 ہزار سیاستدانوں، ماہرین، فارما، لائف سائنس کمپنیوں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ اس کانفرنس میں فارما شعبہ کی ترقی اور طبی شعبہ پر اہم مباحث ہوں گے۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری محکمہ آئی ٹی و صنعت جیش رنجن کے علاوہ فارما شعبہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارت بائیو ٹیک سی ایم ڈی کرشنا ایلا، جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر سنچرا ایلاکو ریاستی وزیر کے ٹی آر جینوم ویالی ایکسلنس ایوارڈس پیش کیا۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد کورونا ٹیکہ کے عالمی مرکز میں شامل ہونے پر انھیں فخر ہورہا ہے۔ بھارت بائیو ٹیک ادارہ نے کو ویگزن ٹیکہ کو متعارف کروایا ہے۔ دیسی ٹیکہ تیار کرنے کے معاملہ میں بھارت بائیو ٹیک کی کوشش ناقابل فراموش ہے۔ مشہور فارما کمپنیاں حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو مزید توسیع دے رہی ہیں۔ فارما شعبہ شہر حیدرآباد اعلیٰ مقام حاصل کررہا ہے۔ ساری دنیا کی نظریں حیدرآباد پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ عنقریب طبی آلہ جات کا پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ حیدرآباد میں فارما سیکٹر کو مستحکم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے۔ جینوم ویالی میں بائیو فارما ہب بی ہب کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔