حیدرآباد کو تاحال 11,500سے زائد یونٹس آکسیجن کنسنٹریٹرس کی فراہمی

   

حیدرآباد۔ ملک اور دنیا کے مختلف حصوں سے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کو یکم مئی سے اب تک 11,500سے زائد یونٹس آکسیجن کنسنٹریٹرس بذریعہ طیارہ لائے گئے ۔یہ کھیپ شیڈول کی فلائٹس کے ساتھ ساتھ خصوصی طیاروں کے ذریعہ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ منتقل کی گئیں۔جی ایم آرحیدرآباد ایرکارگو(جی ایچ اے سی)نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو کسٹم کے حکام کے ساتھ ساتھ ایرلائنس، فرائٹ فارورڈرس اور دیگر فریقین پر مشتمل ہے تاکہ اس کو تیز تر پہنچانے کا کام کیا جاسکے ۔کورونا وباء کے آغاز کے بعد سے اب تک جی ایچ اے سی نے کئی ٹیکوں،طبی آلات اور کوویڈ راحت امداد جیسے پی پی ای کٹس، ماسکس،سینی ٹائزرس کو منتقل کیا۔جی ایچ آئی اے ایل نے کہا کہ حیدرآباد میں آکسیجن کنسنٹریٹرس کی منتقلی میں اضافہ ہوا ہے تاکہ اس وبا کے سبب طبی طلب کی تکمیل ہوسکے ۔حال ہی میں جی ایچ اے سی نے آکسیجن کنسنٹریٹرس کی بڑی کھیپ جس کو ایک تنظیم کی جانب سے عطیہ دیاگیا تھا، تلنگانہ حکومت کو پہنچایا۔آکسیجن کنسنٹریٹرس کے علاوہ جی ایچ اے سی نے روس سے اسپوتنک وی ٹیکوں کی کھیپ کو بھی پہنچایاہے ۔یکم مئی کو 1.5لاکھ ڈوز یہاں پہنچائے گئے جو ملک کیلئے اسپوتنک کی پہلی کھیپ تھی۔16مئی کو اس کے 60ہزار ڈوز یہاں منتقل کئے گئے ۔ان کی منتقلی درکار درجہ حرارت میں کی گئی۔