حیدرآباد کو سرمایہ کاری کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کا اعلان

   

گرین پراپرٹی شو کا افتتاح، اتم کمار ریڈی اور سریدھر بابو کی شرکت
حیدرآباد 17مئی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز و آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کو حقیقی معنوں میں عالمی سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ دنیا کے ٹاپ میٹرو پولیٹن شہروں کی طرح حیدرآباد کو ترقی دی جائے گی ۔ اتم کمار ریڈی نے آج ہائی ٹیکس میں IGBC گرین پراپرٹی شو 2024 کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت عالمی سرمایہ داروں کو واضح پیام دے چکی ہے کہ ہر اعتبار سے حیدرآباد کو ایک حقیقی عالمی شہر کے طور پر ترقی دی جائیگی۔ حیدرآباد میں انفراسٹرکچر سہولتوں سے متعلق انہوں نے انٹرنیشنل ایرپورٹ ،آؤٹر رنگ روڈ ، ایکسپریس وے ، فلائی اوورس ، گوداوری و کرشنا سے پینے کے پانی کی سربراہی کے ذریعہ شہر کی ترقی کے اقدامات کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2004 ء سے 2014 ء تک کانگریس حکومتوں نے حیدرآباد میں انفراسٹرکچر سہولتیں بہتر بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت انفراسٹرکچر سہولتوں میں مزید اضافہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی موسیٰ ندی کی ترقی کا جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ میٹرو ریل کو حیدرآباد کے ہر گوشہ میں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں موافق تجارت ماحول تیار کیا گیا ہے۔ ملک میں حیدرآباد و واحد شہر ہے جہاں صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کیلئے مددگار حکومت موجود ہے۔ اتم کمار نے بھروسہ دلایا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کو عالمی معیار پر ترقی دے گی اور سرمایہ کاری کے ہر شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو حکومت سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ حکومت کے محض پانچ ماہ ہوئے ہیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے بعد نظم و نسق پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ کنسٹرکشن اور رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کے مسائل کا حل تلاش کیا جائیگا ۔ انہوں نے برقی شعبہ میں ریاست کو خود مکتفی بنانے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کے علاوہ آئی جی بی سی کے قومی نائب صدرنشین سی شیکھر ریڈی ، سی آئی آئی کے ڈپٹی اگزیکیٹیو ڈائرکٹر ایم آنند اور آئی جی بی سی حیدرآباد چیاپٹر کے معاون چیرمین سرینواس مورتی نے مخاطب کیا ۔گرین پراپرٹی شو میں 70 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہے۔ 1