کے ٹی آر کے ہاتھوں ہائی ٹیک سٹی میں ریلوے انڈر بریج اور سڑک کا افتتاح
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد کو سگنل فری سٹی میں تبدیل کرنے کی ایک اور پیشرفت ہوئی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے 66.59 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ ہائی ٹیک سٹی ریلوے انڈر برج ( آر یو بی ) کا آج افتتاح کیا ۔ شدید ٹریفک سے متاثر رہنے والی اس روڈ پر تقریباً 410 میٹر طویل اور 20.60 میٹر چوڑی ریلوے انڈر برج کی تعمیر سے گاڑیاں چلانے والوں کو بڑی راحت حاصل ہوئی ہے ۔ ماضی میں جب بھی بارش ہوا کرتی تھی اس برج کے نیچے 35 تا 40 ہزار لیٹر پانی جمع ہوجاتا تھا ۔ گاڑیوں کو پانی سے گذرتے ہوئے جانا پڑتا تھا ۔ فی الحال اس ریلوے انڈر برج کے قریب ایک بہت بڑا سمپ تعمیر کرتے ہوئے بارش کا پانی اس میںد اخل ہونے کا راستہ ہموار کیا گیا ہے ۔ سمپ میں جمع ہونے والے پانی کا موسیٰ پیٹ سرکل میں ہریتا ہارم پروگرام کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ قبل ازیںکے ٹی آر نے موسیٰ پیٹ میں بی ڈی سی سی روڈ کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا ۔ امبیڈکر نگر سے ڈمپنگ یارڈ تک سڑک تعمیر کی گئی ، اس سڑک کی تعمیر پر99لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ شہر کے مضافاتی میونسپلٹیز میں 3500کروڑ روپئے کے مصارف سے جامع ڈرینج کے کاموں کو انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تمام علاقوں کو پینے کا پانی سربراہ کرنے کیلئے 3000 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے اور یہ پراجکٹ کامیاب رہا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہاکہ کیتلا پور میں ڈمپنگ یارڈ کا مسئلہ ہے ، حکومت اس سے واقف ہے ۔ عوام کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے عصری ٹرانسفار پوائنٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ موسم برسات کے دوران گھروں میں پانی کو داخل نہ ہونے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان ترقیاتی پروگرامس کے افتتاح کے موقع پر ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی ، رکن اسمبلی کرشنا راؤ ، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی ، ڈپٹی میئر سری لتا کے علاوہ دوسرے قائدین و عہدیدار موجود تھے ۔