انجنیئرنگ سے طلبہ کا تابناک مستقبل، مفخم جاہ کالج میں وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔26۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کے ذریعہ حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں ترقی کے ذریعہ حیدرآباد دنیا بھر میں ایک عالمی ترقی یافتہ شہر کے طور پر ابھرے گا۔ اتم کمار ریڈی آج مفخم جاہ کالج آف انجنیئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے تعلیمی سال کے آغاز کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کالج پہنچنے پر اتم کمار ریڈی کو گارڈ آف آنر پیش کرتے ہوئے استقبال کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بین الاقوامی نامور اداروں کے حیدرآباد میں قیام کی مساعی کے ذریعہ سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی سے متاثر ہوکر کئی بین الاقوامی اداروں نے حیدرآباد میں اپنے پراجکٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی وزیر نے تلنگانہ میں تعلیم کے شعبہ کو بہتر بنانے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں بہتر نتائج کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تعلیمی ادارے اپنے معیار کے اعتبار سے عالمی سطح کے اداروں سے مسابقت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل سٹی کے طور پر حیدرآباد میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے طلبہ سے کہا کہ انجنیئرنگ کی تعلیم کے ذریعہ وہ اپنے تابناک مستقبل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انجنیئرنگ کالجس کا معیار غیر معمولی بلند ہے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل مہیپال سنگھ ، سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے سکریٹری ظفر جاوید ، اکبر علی خاں ، عامر جاوید اور دوسرے موجود تھے۔1