شہر میں گداگروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے شہریوں سے جی ایچ ایم سی کمشنر کی اپیل
حیدرآباد : شہر حیدرآباد کو گداگروں سے پاک بنانے کے سلسلہ میں اس کی کاوشوں کو تیز کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے محکمہ جات پولیس اور ریونیو کے تعاون و اشتراک سے عنقریب ایک اور خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ گداگروں کی نشاندہی کے بعد ان میں صحتمند اور فٹ اشخاص کو ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ خودروزگار پروگرامس شروع کریں جبکہ دوسروں کو شہر میں شیلٹر ہومس بھیجتے ہوئے ان کی بازآباد کاری کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں جمعرات کو یہاں جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر منعقدہ سٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے علاوہ سائبرآباد، رچہ کنڈا پولیس، ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل، میٹرو ریل، ایچ ایم ڈی اے اور ریونیو ڈپارٹمنٹس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس میٹنگ کے دوران جی ایچ ایم سی کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار نے کہا کہ ماضی میں کئے گئے اقدامات کے علاوہ حیدرآباد کو گداگروں سے پاک شہر بنانے کے لئے ایک خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ مختلف جنکشنس، مذہبی مقامات اور دوسرے مقامات پر رہنے والے گداگروں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔