حیدرآباد کو گلوبل سٹی کے طرز پر ترقی دی جائے گی: کے ٹی آر

   

چیف منسٹر کے سی آر ویژنری لیڈر، گریٹر حیدرآباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا ادعا

حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں بڑھتی ہوئی اراضیات کی قیمتیں اور ترقی صرف ٹریلر ہے ابھی پوری فلم باقی ہے۔ ہائی ٹیکس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کسی بھی شہر یا ریاست کی ترقی کا دارومدار بنیادی سہولتوں پر منحصر ہوتا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ میں دیہی و شہری علاقوں میں یکساں ترقی کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرکے کام کیا جارہا ہے۔ زرعی سرگرمیوں اور پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے زرعی شعبہ اور صنعتی شعبہ میں انقلابی ترقی ہورہی ہے اور عوام کو معیاری برقی سربراہ ہورہی ہے۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل ریاست میں صرف 7 ہزار میگاواٹ برقی تھی، کمپنیوں کو پاور ہالی ڈے دی جاتی تھی۔ زیراکس سنٹرس چلانے بھی برقی نہیں ملتی تھی۔ تاہم اب ریاست میں 26 ہزار میگاواٹ برقی دستیاب ہے۔ ماضی میں شہر حیدرآباد میں پینے کے پانی کی قلت ہوا کرتی تھی اس کو ختم کردیا گیا ہے۔ مستقبل میں شہر کیلئے پانی کی کوئی قلت نہیں رہے گی۔ اس کیلئے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر میں بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی لا اینڈ آرڈر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ماضی میں جب بھی عید و تہوار ہوتے تو حیدرآباد میں سال میں ایک ہفتہ کرفیو ہوا کرتی تھی۔ اب اس پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔ بہت جلد گچی باؤلی سے شمس آباد تک میٹرو ریل بھی پہنچ جائے گی۔ ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوگیا۔ بہت جلد کام کا آغاز ہوجائے گا۔ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد کو گلوبل سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ن