حیدرآباد کی آج راجستھان کیخلاف پلے آف پرنظریں

   

جے پور۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ میں اتار چڑھاو سے گزر رہی سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم کل جے پور میں میزبان ٹیم راجستھان رائلس کے چیلنج پر قابو پاتے ہوئے پلے آف کیلئے اپنی دعویداری کو مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی ۔ حیدرآباد کو گزشتہ میچ میں چینائی سوپرکنگس کے خلاف چھ وکٹ سے شکست کھانی پڑی تھی جس کے بعد وہ ٹیبل میں 10 میچوں میں پانچ جیت اور پانچ ہار کے ساتھ 10 پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر پر ہے ۔ اگرچہ ٹیم کو ٹاپ چار میں رہنے کے لئے بھی اب اگلے میچوں میں اچھی کارکردگی کرنی ہوگی۔ اس کو مشکل ٹکر کنگز الیون پنجاب سے مل رہی ہے جو اب اسی کی مانند10 پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر پر ہے ۔ دوسری طرف راجستھان کی حالت خراب ہے اور11 میچوں میں سات ہارنے کے بعد وہ آٹھ پوائنٹس لے کر ساتویں نمبر پرکھسک گئی ہے ۔ اگرچہ راجستھان ابھی حریف ٹیموں کے حساب کو خراب کر سکتی ہے ۔ اس کی بھی کوشش رہے گی کہ وہ باقی تمام میچ جیت کر اپنی آخری توقعات برقراررکھے ۔ راجستھان نے گزشتہ میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو دلچسپ میچ میں تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔ راجستھان کی ٹیم کے لئے اب کرو یا مرو کی صورت حال ہے اور اس کی کوشش اپنے میدان میں جیت کی تال کو برقرار رکھنے کی ہوگی۔ ٹیم نے گزشتہ میچ میں کولکاتا کے خلاف کمال کا مظاہرہ کیا تھا جس میں17 سال کے ریان پراگ کی31 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں سے سجی47 رنز کی اننگز اہم تھی۔ اس میچ میں پراگ ٹاپ اسکورر رہے تھے جبکہ جوفرا آرچر نے آخری گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے لگا تے ہوئے ٹیم کو جیت دلائی تھی۔ اجنکیا رہانے کے بعد اب اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں میں راجستھان کی کپتانی آ گئی ہے اور وہ ٹیم کو واپس جیت کی پٹری پر لانا چاہتے ہیں۔ آسٹریلیا کی عالمی کپ ٹیم کا حصہ اسمتھ نے اب تک10 میچوں میں297 رنز بنائے ہیں جبکہ رہانے اورجوس بٹلر352 اور311 ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ اس کے علاوہ سنجو سیمسن بھی بڑے اسکورر ہیں۔مین آف دی میچ رہے ورون آرون، تھامس اورجے دیو انادکٹ اچھے بولر ہیں لیکن انہیں حیدرآباد کو روکنے کے لئے کفایتی بولنگ کرنی ہوگی۔ بین اسٹوکس اور آرچر کے وطن واپس لوٹنے کے بعد لیام لوگسٹون اور ایشٹن ٹرنرکی واپسی کی امید ہے ۔دوسری طرف حیدرآباد کیلئے سرفہرست چار میں رہنے کا چیلنج ہے اور پچھلا میچ ہارنے کے بعد اس پر نفسیاتی دباؤ بھی ہوگا۔ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ڈیوڈ وارنر(10 میچوں میں 574 رنز) اور جانی بیرسٹو (445) دونوں ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں اور وہ بھی ورلڈ کپ کے سبب وطن واپس جا رہے ہیں۔ اب کپتان کین ولیمسن کے لیے بھی ان کی جگہ بھرنے کے لئے اچھا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔ ولیمسن چینائی کے خلاف میچ میں نہیں کھیلے تھے لیکن ان کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں واپسی کی توقع ہے ۔ وردھمان ساہا کے وکٹ کیپر کے طور پر واپسی کی امید ہے جو دیپک ہڈا یا یوسف پٹھان کی جگہ لے سکتے ہیں۔جبکہ وارنر کے ساتھ اننگز کا آغاز نیوزی لینڈ کے ایک دھماکو بیٹسمین مارٹن گپٹل کرسکتے ہیں جوکہ بیرسٹوکی طرح کی کھیل کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔