حیدرآباد کی ترقی اور اہم اداروں کا قیام میری مساعی کا نتیجہ : نائیڈو

   

ہائی ٹیک سٹی و ٹریپل آئی ٹی کا قیام، اآئی ایس بی میں ساؤتھ ایشیا لرننگ سمٹ سے چیف منسٹر اے پی کا خطاب
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے حیدرآباد کی ترقی میں ان کے اہم رول کا دعویٰ کیا اور کہا کہ کئی اہم ادارے ان کے دور حکومت میں قائم کئے گئے۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج گچی باؤلی میں واقع انڈین اسکول آف بزنس میں ساؤتھ ایشیا لرننگ سمٹ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹلی جنس، ڈیٹا سیکوریٹی اور دیگر عصری ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون اور ایئر امبولینس جیسی خدمات کو توسیع دینے کے لئے دنیا بھر میں تجربات کئے جارہے ہیں۔ جنگاؤں میں ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نشانوں کو ٹارگٹ کرنے میں مدد لی جارہی ہے۔ حیدرآباد کی ترقی میں اہم رول کا دعویٰ کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کے لئے انہوں نے کافی محنت کی تھی۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کے لئے 5000 ایکر اراضی حاصل کی گئی۔ نلسار، ٹریپل آئی ٹی جیسے بین الاقوامی ادارے ان کے دور میں قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 9 ماہ میں ان کی حکومت نے دریائے کرشنا کے پانی کو حیدرآباد منتقل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بل گیٹس کو حیدرآباد میں سرگرمیوں کے آغاز کے لئے راغب کیا گیا۔ امریکی صدر بل کلنٹن نے حیدرآباد کا دورہ کیا جس میں چندرا بابو نائیڈو کا اہم رول ہے۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے ہاتھوں ہائی ٹیک سٹی کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔ نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش میں برقی اصلاحات پر عمل کرتے ہوئے گرین انرجی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ 1