حیدرآباد کی ترقی اور موسیٰ ندی کی خوبصورتی کیلئے حکومت پابند عہد

   

آر ٹی سی میں 3000 الیکٹرک بسوں کو شامل کیا جائے گا، کوداڑ میں ترقیاتی اسکیمات کا آغاز ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔2۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز و آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے بہتر حکمرانی ، عوامی بھلائی اور ریاست کی ترقی میں نئے ریکارڈس قائم کئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کوداڑ اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار کے پہلے سال اہم شعبہ جات میں ترقی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ حکومت نے عوامی بھلائی کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا اور ریاست کی مجموعی ترقی کے اقدامات کئے گئے ۔ اتم کمار ریڈی نے سوریا پیٹ ضلع میں ترقیاتی پراجکٹس پر مقررہ مدت میں عمل آوری کا یقین ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کانگریس حکومت نے کسانوں کی قرض معافی کے معاملہ میں ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ایک سال میں 55,000 سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا ریکارڈ قائم کیا گیا ۔ کسانوں کو قرض معافی کے علاوہ فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت اور بونس کی ادائیگی کے ذریعہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے ۔ دھان کی پیداوار میں تلنگانہ نے ملک بھر میں ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی بحالی اور اس کی ترقی کیلئے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ شروع کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ 5 دہوں کے دوران موسیٰ ندی کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی صفائی اور خوبصورتی کے علاوہ بھونگیر اور نلگنڈہ کو آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اسکل یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو جنوبی ہند میں اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 500 روپئے گیس سلینڈر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3000 الیکٹرک بسیں تلنگانہ میں متعارف کی جارہی ہیں جو پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی بسوں کی جگہ لے گی ۔ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ حکومت نے حیدرآباد کے قریب فیوچر سٹی کا منصوبہ بنایا ہے ۔ گوداوری سے حیدرآباد اور اطر اف کے علاقوں کو پانی کی سربراہی کی اسکیم تیار کی جارہی ہے ۔ دھرانی پورٹل سے خامیوں کو دور کرنے کیلئے پورٹل کی ذمہ داری مرکزی ادارہ کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل کے عہد پر قائم ہے اور آئندہ چار برسوں میں تلنگانہ ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں ملک میں مثال قائم کرے گا ۔ 1