حیدرآباد کی ترقی ریاست کی ترقی نہیں ہوتی ، گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن

   

تلنگانہ عوام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ، راج بھون میں یوم تاسیس تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ تلنگانہ عوام کا خواب ابھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ہے ۔ صرف حیدرآباد کی ترقی کو ریاست کی ترقی سے نہیں جوڑا جاسکتا ۔ راج بھون میں تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر نے کیک کاٹا اور جوش و خروش کے ساتھ ڈانس بھی کیا اور بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے زندگیاں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ گورنر نے پہلی مرتبہ اپنی ساری تقریر تلگو میں کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تحریک پانی ، فنڈس اور تقررات کے موضوع پر چلائی گئی مگر ابھی تک عوام کی توقعات پوری نہیں ہوئی صرف حیدرآباد کی ترقی ریاست کی ترقی نہیں ہوسکتی ۔ ریاست کے دور دراز کے دیہات بھی ترقی کریں تو اس کو حقیقی ترقی قرار دی جاسکتی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ جئے تلنگانہ صرف نعرہ نہیں ہے بلکہ عزت نفس کا نعرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مدد سے ریاست میں کئی ترقیاتی پروگرامس کیے گئے ہیں وہ اپنی زندگی کا ہر لمحہ عوام کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ نے کئی شعبوں میں ترقی کی ہے ۔ صرف چند لوگوں کی ترقی نہیں بلکہ سب لوگوں کی ترقی ضروری ہے ۔ گورنر نے ریاست کی ترقی میں این آر آئیز کو حصہ دار بننے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ کو ملک کی سرفہرست ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے سب کو متحدہ طور پر تعاون کرنے پر زور دیا ۔ گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ تلنگانہ کی تحریک دنیا کی دیگر تحریکوں سے مختلف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پہلے مرحلے کی تحریک میں 300 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔۔ ن