حیدرآباد: صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے دعویٰ کیا ہے کہ حیدرآباد کی ترقی میں تلگو دیشم کا اہم رول ہے ۔ مہاناڈو کے موقع پر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد انہوں نے آندھراپردیش کی ترقی کے لئے بھی مساعی کی تاکہ بین الاقوامی شناخت حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے قیام کو 40 سال مکمل ہوچکے ہیں اور 1983 ء میں پہلے مہاناڈو کے موقع پر قومی شخصیتوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں ریاستوں میں پارٹی کے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ جب بھی اقتدار میں رہے، انہوں نے 24 گھنٹے عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش میں جگن موہن ریڈی حکومت تلگو دیشم قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے آندھراپردیش میں گوداوری ندی پر پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کا کام فوری مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل سے آندھراپردیش میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوگا۔ تلگو دیشم دور حکومت میں 69 پراجکٹس کا آغاز کیا گیا تھا جن میں 24 پراجکٹس مکمل کئے گئے ۔ تلگو دیشم حکومت نے 32 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا۔ جگن موہن ریڈی حکومت نے دو برسوں میں آبپاشی پر 100 کروڑ سے زائد خرچ کئے لیکن ریاست کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔