بی جے پی اور مجلس فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرتے ہوئے 400 سالہ تاریخی شہر کو پسماندہ بنا رہی ہے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کے لیے کانگریس کو کامیاب بنائے ۔ اگر مجلس یا بی جے پی کو کامیاب بنایا جاتا ہے تو کرفیو کی نوبت آجائے گی ؟ آج شام اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے کانگریس امیدوار محمد ولی اللہ سمیر کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ بیگم بازار میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر روہن ریڈی ، نندکشور بلال کے علاوہ دوسرے سینئیر قائدین موجود تھے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک سبھا 2024 کے انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر حیدرآباد کی ترقی ، امن و امان کی برقراری ، ایس سی ، ایس ٹی بی سی تحفظات کی حفاظت ، دیش اور دستور اور جمہوریت کے لیے انتہائی اہم ہے ۔ مجلس اور بی جے پی فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول تیار کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھاتی ہے جب کہ کانگریس امن اور اقتصادی ترقی کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کے درمیان پہونچ رہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کے امن و امان کی مستحکم صورتحال کی وجہ سے بڑی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی دکھائی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پرانا شہر جو کبھی کرفیو کے لیے بدنام تھا نے حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے ۔ اب رمضان اور گنیش تہوار پرامن طریقے سے منائے جارہے ہیں تاہم بی جے پی ایک منظم سازش کے تحت امن کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ حیدرآباد میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہو اور انہیں گجرات منتقل کیا جاسکے ۔ مجلس کو کامیاب بنانا حیدرآباد کے لیے بے فیض ہے ۔ مودی اور اویسی پرانے شہر میں میٹرو ریل لانے میں ناکام رہے ۔ عوام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے والوں کو شکست دینے کی عوام سے اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے سمیر ولی اللہ کی کانگریس کے لیے خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں حیدرآباد سے امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی اور مجلس مذہب کے نام پر عوام کے درمیان اختلافات پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی سکندرآباد سے اور مجلس حیدرآباد سے مذہبی جذبات بھڑکاتے ہوئے کامیابی حاصل کررہے ہیں ۔ اب وقت آگیا ہے دونوں حلقوں سے بی جے پی اور مجلس کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب بنائے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وعدے کے مطابق کانگریس حکومت 500 روپئے پکوان گیس سیلنڈر ، 200 یونٹ تک مفت برقی ، خواتین کے لیے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت ، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت طبی علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ تین ماہ کے دوران 30 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ حکومت نے پرانے شہر کو ترقی دینے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ حیدرآباد ہمارا ہے اور اس کی حفاظت کرنا بھی ہمارا فرض ہے ۔۔ 2