حیدرآباد تا بنگلور بلٹ ٹرین کا منصوبہ، صنعت کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت ، دہلی میں پبلک افیرس فورم آف انڈیا کی کانفرنس ،ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ملک کے منصوبہ بند شہروں کے طور پر بھارت فیوچر سٹی تعمیر کر رہی ہے تاکہ حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر کے طور پر ترقی دی جائے ۔ چیف منسٹر آج نئی دہلی میں پبلک افیرس فورم اف انڈیا کی 12 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرر ہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 30 ہزار ایکر اراضی پر پہلے مرحلہ کے تعمیری کام انجام دیئے جائیں گے اور بھارت فیوچر سٹی 9 مختلف زونس پر مشتمل رہے گی جس میں آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی ، ہیلت زون ، ایجوکیشن زون اور دوسرے شامل ہوں گے ۔ تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ 2034 تک تلنگانہ کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر جبکہ 2047 تک تین ٹریلین ڈالر تک معیشت کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں 160 کیلو میٹر کور اربن علاقہ رہے گا جبکہ آؤٹر رنگ روڈ اور نئی ریجنل رنگ روڈ کے درمیان 360 کیلو میٹر سیمی اربن علاقہ رہے گا جو مینوفیکچرنگ زون ہوگا۔ ریجنل رنگ روڈ کے باہر دیہی معیشت کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر مختلف سوالات کے جواب دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل ایسے شہروں کا ہے جہاں پانی اور ماحولیات کے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ موسی ریور ترقیاتی پراجکٹ کے ذریعہ حکومت اربن واٹر گرڈ کی تشکیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پراجکٹ کے ذریعہ جھیلوں اور تالابوں کو ترقی دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کو ماحولیاتی بحران سے محفوظ شہر کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ انٹرنیشنل ایرپورٹ سے فیوچر سٹی کو مربوط کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ حیدرآباد تا بنگلور بلٹ ٹرین کو منظوری دی جائے۔ چیف منسٹر نے میٹرو ٹرین پراجکٹ کی توسیع کا حوالہ دیا اور کہا کہ موجودہ 70 کیلو میٹر کو 150 کیلو میٹر تک توسیع کا منصوبہ ہے ۔ فی الحال میٹرو میں پانچ لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں ، اسے 15 لاکھ تک ا ضافہ کرنے کا منصوبہ ہے ۔ موسیٰ ندی کو سابرمتی ندی کی طرح ترقی دی جائے گی اور موسیٰ ندی کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 2027 تک حیدرآباد میں زیادہ تر الیکٹرک گا ڑیاں ہوں گی اور حکومت الیکٹرک گاڑیوں پر سبسیڈی فراہم کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے صنعت کاروں اور اداروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے تلنگانہ محفوظ مقام ہے۔ دنیا بھر میں منشیات کا مسئلہ برقرار ہے لیکن تلنگانہ میں منشیات پر قابو پایا گیا ہے ۔ منشیات کے خاتمہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں سے کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعہ تلنگانہ کے برانڈ ایمبسیڈر بن جائیں ۔ نوجوانوں میں اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ساتھ ساتھ اسپورٹس کے شعبہ میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مچھلی پٹنم بندرگاہ کو فیوچر سٹی سے جوڑنے کیلئے گرین فیلڈ ایکسپریس ہائی وے اور متوازی ریلوے لائین کی منظوری کی مرکز سے درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ ویژن ڈاکیومنٹ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے صنعت کاروں سے کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی میں حصہ دار بنتے ہوئے اپنے ادارے قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو نالج ہب کے طور پر ترقی دی جائے گی۔1