ریاض میٹرو سرویس اوائل 2025 سے شروع ہونے کا امکان
حیدرآباد 10 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کی خاتون اندرا یگلا پاٹی اُن چند خاتون لوکو پائلیٹس میں شامل ہے جو ریاض میٹرو سے وابستہ ہیں اور فی الوقت ٹرائیل ٹرینس چلارہی ہیں اور ریاض میٹرو ٹرینس چلانے کی مشتاق ہیں کیوں کہ ریاپڈ ٹرانزٹ سسٹم تکمیل کے قریب ہے۔ 33 سالہ ای اندرا نے جو ایک ٹرین پائلیٹ اور اسٹیشن آپریشنس ماسٹر کے طور پر پانچ سال سے برسرکار ہے، کہاکہ ’’اس عالمی معیار کے اور باوقار پراجکٹ کا حصہ ہونا واقعی میرے لئے ایک اعزاز کی بات اور فخر کا لمحہ ہے۔ خاص طور پر ایک ترک وطن کرنے والی ہونے کی وجہ‘‘۔ حیدرآباد میٹرو میں کام کرنے کے دوران انہیں ریاض میٹرو میں جائیدادیں کھلنے کے بارے میں معلوم ہوا اور انھوں نے اس کے لئے درخواست دی۔ اندرا اور دیگر دو نے ہندوستان سے 2019 ء میں اس میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن جلد ہی کوویڈ کی وباء شروع ہوگئی تھی جس کی وجہ انہیں ابتدائی ٹریننگ ورچول انداز میں حاصل کرنی پڑی۔ فی الوقت ٹرائیل رنس جاری ہیں اور اطلاعات کے مطابق ریاض میٹرو سرویس کا امکان ہے کہ اوائل 2025 ء سے آغاز ہوگا۔ پہلی خاتون رکروٹس میں شامل ای اندرا نے بتایا کہ ’’اب تک کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ سعودی عربیہ کے لوگ بہت دوستانہ انداز والے ہیں اور ایک شاندار کلچر رکھتے ہیں۔ میں یہ تصور نہیں کرسکتی ہوں کہ میں یہاں پانچ سال مکمل کرچکی ہوں‘‘۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ انہیں ایک خاتون کی حیثیت سے کبھی کسی چیالنج کا سامنا کرنا نہیں پڑا۔ انھوں نے کہاکہ ’’یہاں (ریاض، سعودی عربیہ) میں ہم کو مساوی مواقع حاصل ہیں اور یہاں کوئی جنسی تعصب نہیں ہے‘‘۔ یگالا پاٹی اندرا آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں دھلیپلہ سے تعلق رکھتی ہیں لیکن وہ 2006 ء میں حیدرآباد میں مقیم ہوگئی ہیں۔ ان کے والد ایک میکانک تھے لیکن انھوں نے اپنے تین بچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ یگالا پاٹی اندرا نے انجینئرنگ کی تکمیل کی، ان کی بڑی بہن ایک ٹیچر ہے اور چھوٹی بہن حیدرآباد میٹرو میں ٹرین پائلیٹ کے طور پر کام کرتی ہیں۔