حیدرآباد کی رائے دہی میں کمی کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی ذمہ دار

   

اشتعال انگیز بیانات سے عوام خوفزدہ، صدر تلگو دیشم ایل رمنا کا بیان
حیدرآباد: تلنگانہ تلگو دیشم نے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کی رائے دہی تناسب میں کمی کے لئے ٹی آر ایس بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیا ۔ تلگو دیشم کے ریاستی صدر ایل رمنا نے الزام عائد کیا کہ دونوں پارٹیوں نے اپنے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ عوام کے دلوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا جس کے نتیجہ میں عوام نے خود کو رائے دہی سے دور رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات مقامی مسائل پر لڑے جاتے ہیں لیکن ٹی آر ایس اور بی جے پی نے عوامی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ ماحول بگاڑنے کی کوشش کی ۔ رمنا نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے علاوہ مجلس کے قائدین نے رائے دہندوں کے دلوں میں خوف اور اندیشہ کا ماحول پیدا کیا جس کے نتیجہ میں عوام نے رائے دہی میں حصہ نہ لیتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ان پارٹیوں نے عوام کو درپیش بلدی مسائل پر اپنا موقف اور منصوبہ واضح کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر الزام تراشی کے ذریعہ انتخابی ماحول کو بگاڑدیا۔ عوام نے رائے دہی میں حصہ لینے کے بجائے گھر پر رہنے کو اپنے لئے بہتر سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور نفرت کی بنیاد پر تینوں جماعتوں نے انتخابی مہم چلائی ہے۔ ایل رمنا نے انتخابی مہم میں سرجیکل اسٹرائیک، اہم شخصیتوں کے گھاٹ تباہ کرنا، اسامہ بن لادن ، داؤد ابراہیم اور ڈونالڈ ٹرمپ کو شامل کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان شخصیتوں کا بلدی انتخابات سے کیا تعلق ہے۔ رمنا نے الزام عائد کیا کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے میں ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلگو دیشم پارٹی نے ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیا اور کئی علاقوں میں عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں تلگو دیشم کا کیڈر مستحکم ہے۔ رمنا نے امید ظاہر کی کہ بلدی انتخابات کے نتائج میں تلگو دیشم کا مظاہرہ گزشتہ کے مقابلہ بہتر ہوگا۔