5 روٹس کی نشاندہی ، سیاحتی و تاریخی مقامات کا بھی احاطہ
حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 5 روٹس پر ڈبل ڈیکر بس چلانے کے لیے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی خواہش پر وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار نے تلنگانہ آر ٹی سی کے عہدیداروں کو ڈبل ڈیکر بس چلانے کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی ۔ جس پر تشکیل کردہ کمیٹی نے پانچ روٹس کی تجویز پیش کرتے ہوئے ڈبل ڈیکر بسوں کو چلانے کا مشورہ دیا ہے ۔ عہدیداروں کی کمیٹی نے سروے کرتے ہوئے روٹس کا جائزہ لیا ہے ۔ جن سڑکوں پر فلائی اوورس اور میٹرو کراسنگ نہیں ہے ۔ ان علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ بسوں کی تیاری کے لیے رپورٹ بھی تیار ہوگئی ہے ۔ نئے مالیاتی سال مارچ سے حیدرآباد کی سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں دوڑنے کا قوی امکان ہے ۔ تاریخی و سیاحتی مراکز کا بھی بس روٹس میں احاطہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کی کمیٹی نے ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کے لیے 5 روٹس جس میں229 سکندرآباد تا میڑچل ، 219 سکندرآباد تا پٹن چیرو ، 218 کوٹھی تا پٹن چیرو ، 9x سی بی ایس تا جیڈی میٹلہ 118 افضل گنج تا مہدی پٹنم کا انتخاب کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں 2002 تک ایک ڈرائیور اور دو کنڈاکٹرس کے ساتھ سکندرآباد تا جواہر لعل نہرو زو پارک اور افضل گنج تا مہدی پٹنم ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جاتی تھی ۔ شہر حیدرآباد کو پہونچنے والے سیاح ڈبل ڈیکر بس میں سکندراباد سے سوار ہو کر ٹینک بنڈ سے چارمینار اور زو پارک تک سفر کیا کرتے تھے ۔ سکندرآباد سے مہدی پٹنم تک سال 2004 تک بھی ڈبل ڈیکر بسیں چلائی گئی تھی ۔ شہر میں بڑے پیمانے پر فلائی اوورس تعمیر ہونے اور ڈبل ڈیکر بسوں کی حالت خستہ ہوجانے کی وجہ سے انھیں سڑکوں سے ہٹا دیا گیا تھا ۔ تب شہر حیدرآباد میں سیاحتی مراکز کا احاطہ کرتے ہوئے ڈبل ڈیکر بسوں کی روٹس تیار کی گئی تھی لیکن اب شہر حیدرآباد کافی وسیع ہوگیا ہے اور گریٹر حیدرآباد میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ اس کے تناسب سے روٹس تیار کیا گیا ہے تاکہ تمام تاریخی و سیاحتی مقامات کا بھی احاطہ ہوسکے ۔۔
