حیدرآباد24اکتوبر(یواین آئی) محکمہ پولیس نے منشیات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ اس خصوص میں نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بڑے پیمانہ پر پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ کالجوں اورا سکولوں میں منشیات کے برے اثرات کے خلاف پولیس نے اتوار کو حیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی کے آرٹس کالج میں طلباء کے ساتھ منشیات بیداری واک کا اہتمام کیا۔ کمشنرپولیس حیدرآباد انجنی کمار نے طلباء کو منشیات کے خطرات سے واقف کروایا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران شہر کے ساتھ ساتھ مکمل ریاست تلنگانہ میں اس خصوص میں مہم چلائی جارہی ہے اورآج اس پروگرام میں نوجوانوں میں اس سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر جوش وخروش کو دیکھاگیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صرف ایک فیصد افراد جو منشیات کا استعمال کرتے ہیں،وہ اس کو چھوڑدیں گے ۔انہوں نے کہاکہ وہ تمام والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی مسئلہ پر پولیس سے رجوع ہوں، پولیس ان کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے ۔