حیدرآباد کی فرم ہندوستانی فوج کو ریڈیو ریلے کنٹینرس سربراہ کریگی

   

حیدرآباد ۔ 16 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کی کمپنی، ICOMM ٹیلی لمیٹیڈ کی جانب سے ہندوستانی فوج کو ریڈیو ریلے کمیونکیشن ایکوپمنٹ کنٹینرس سربراہ کئے جائیں گے تاکہ انڈین آرمی کا کمیونکیشن سسٹم مضبوط ہو۔ ICOMM ٹیلی لمیٹیڈ، ٹیلی کام، دفاع، سولار، پاور اور انفراسٹرکچر شعبوں کیلئے پراڈکٹ ڈیزائننگ، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ اور حل فراہم کرنے والی ہندوستان کی ایک بڑی فرم ہے۔ وزارت دفاع نے جمعرات کو 1,035 عدد 5/7.5 ٹن ریڈیو ریلے کمیونکیشن ایکوپمنٹ کنٹینرس کی خریدی کیلئے ICOMM ٹیلی لمیٹیڈ حیدرآباد کے ساتھ ایک کنٹراکٹ معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ اس کنٹراکٹ کی قدر تقریباً 500 کروڑ روپئے ہے۔ کنٹینرس کی ڈیلیوری جاریہ مالیاتی سال 2023024ء سے شروع ہوگی۔ ریڈیو ریلے کنٹینرس سے ہندوستانی فوج کی موبائیل کمیونکیشن ڈیٹائچمنٹس کی ایک دیرینہ ضرورت پوری ہوگی۔ ان کنٹینرس کو کمیونکیشن ایکوپمنٹ کی محفوظ اور قابل بھروسہ انداز میں کارکردگی کیلئے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔