حیدرآباد کی مقامی عدالت میں ریونت ریڈی کے خلاف مقدمہ کی سماعت

   

حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کی مقامی عدالت میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف دائر کردہ مقدمہ کی آج سماعت ہوئی۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری ڈاکٹر کے وینکٹیشورلو نے اسپیشل جوڈیشیل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ ایکسائیز کیسس کے اجلاس پر شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ 2024 عام انتخابات کے دوران اسوقت کے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بی جے پی کے خلاف بے بنیاد بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی ملک میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی کے تحفظات ختم کردے گی۔ اسپیشل مجسٹریٹ نے 21 اگسٹ کو درخواست کی سماعت کی اور ریونت ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 ستمبر کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی۔ ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 499 ، 153 ، 171C اور 171G کے علاوہ عوامی نمائندگان قانون کی دفعہ 125 کے تحت کارروائی کی اپیل کی گئی۔ سماعت کے موقع پر آج ریونت ریڈی حاضر نہیں ہوئے اور انہوں نے وکیل کے ذریعہ پٹیشن دائر کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ دینے کی خواہش کی کیونکہ وہ آج پہلے سے طئے شدہ میٹنگس میں مصروف ہیں۔
مجسٹریٹ نے ریونت ریڈی کو شخصی حلفنامہ اور 15 ہزار روپئے کی دو سیکوریٹیز پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 16 اکٹوبر کو مقرر کی گئی۔1