حیدرآباد کی منجو کلاندھی کو ملکہ ایلزبتھ کا ایوارڈ

   

حیدرآباد۔برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک والینٹر کو دولت مشترکہ پوائنٹس آف لائیٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا ہے جنہوں نے کورونا وباء کے دوران رضاکارانہ خدمات انجام دی ہیں۔ ملکہ ایلزبتھ دوم نے منجو کلاندھی کو ‘ جو ہندوستان کی نمائندگی کرتی ہیں ‘ 149 ویں دولت مشترکہ پوائنٹ آف لائیٹ قرار دیا ہے ۔ یہ اعزاز انہیںکورونا وباء کے دوران ہندوستان بھر میںانتہائی نادار اور غریب عوام کو غذا فراہم کرنے پر دیا گیا ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر برائے تلنگانہ و آندھرا پردیش ڈاکٹر اینڈریو فلیمنگ نے آج ایک تقریب میںمنجو کلاندھی کو یہ ایوارڈ پیش کیا ۔ اس موقع پر سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا گیا ۔ منجو حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک صحافی ہیں اور انہوں نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ ’ رائس بکیٹ چیلنج ‘ کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعہ لوگوںکی توجہ غریب عوام کی مدد کرنے کی سمت مبذول کروائی گئی تھی ۔ منجو نے یہ چیلنج 2014 میں شروع کیا تھا ۔ کورونا وائرس کے لاک ڈاون کے دوران انہوں نے اس کے ذریعہ غریب عوام کی مدد کا بیڑہ اٹھایا تھا ۔