حیدرآباد۔ 13فروری (یو این آئی) حیدرآباد کی میٹرو ٹرینوں میں تلنگانہ کے فن اورثقافت بشمول تہواروں جیسے بتکماں، دیسی لوک فنکاروں اور کلاسیکی رقص سے متعلق ڈیزائنس ہوں گے ۔حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ نے وزارت سیاحت کے محکمہ ثقافت کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ میٹرو ٹرینوں میں اس نظریہ کی شروعات کا فیصلہ کیا ہے ۔ہری کرشنا ڈائرکٹر ثقافت نے کہا کہ اس کا مقصد شہری علاقوں کے عوام کو تلنگانہ کی ثقافت کے بارے میٹرو ٹرینوں کے ذریعہ بتانا ہے کیونکہ یہ ٹرینیں شہری عوام کی ریڑھ کی ہڈی بن چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ میٹرو کی راہداری نمبر2میں اس طرح کی ٹرین تجرباتی بنیادوں پر چلائی جارہی ہے تاہم مختلف راہداریوں تک اس کی توسیع کامنصوبہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کو بیشتر لوک رقص،کلاسیکی آرٹ فارمس اور یہاں تک کہ دکنی آرٹ فارمس کے نمونے دیئے ہیں۔اب یہ فن کے نمونے ٹرینوں کے سامنے کے حصہ میں لگائے جائیں گے جس سے ٹرینوں کی خوب صورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔وزارت کا مقصد شہری میٹروپولیٹن پُرہجوم ٹرینوں میں ایسے نمونے آرٹ کی شکل میں لگانا ہے کیونکہ اس کے ذریعہ ان لوگوں تک رسائی حاصل کی جاسکے گی جو تلنگانہ کے آرٹ اور فن کے بارے میں معلومات نہیں رکھتے ۔انہوں نے کہاکہ اس نظریہ کو تین زمروں میں تقسیم کیاگیا ہے ۔پہلا زمرہ کلاسیکی آرٹ فارم جیسے لوک فنکار،قبائلی آرٹ فارم شامل ہے ۔ساتھ ہی ایسی خواتین کی تصوراتی تصویر بھی پیش کی گئی ہے جو غزل گارہی ہیں۔حیدرآبادی تہذیب کی عکاسی کرنے والے مشاعروں کو بھی اس میں جگہ دی گئی ہے ۔