بھونیشور7 جنوری (راست ) اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) حیدرآباد سرکل فٹبال ٹیم نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا انٹر سرکل فٹبال ٹورنمنٹ 2025–26 میں اپنی شاندار فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایس بی آئی پٹنہ سرکل کے خلاف 0۔4 سے یکطرفہ کامیابی حاصل کرکے گروپ مرحلے میں مسلسل تیسری فتح درج کرلی۔ یہ مقابلہ بھونیشور، اڈیشہ میں کھیلا گیا۔ میچ کے آغاز سے ہی حیدرآباد سرکل کی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور میدان پر مکمل کنٹرول قائم رکھا۔ پہلے ہاف میں ذکی رضا نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے گول اسکورکیا۔ یہ گول سائی ناتھ ریڈی کی نپی تلی کراس پرکیا گیا، جس نے پٹنہ سرکل کی دفاعی لائن کو بے بس کر دیا۔دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی حیدرآباد کی برتری مزید مضبوط ہوگئی، جب سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محمد خضر نے طویل فاصلے سے شاندار شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچایا اور اسکور 0-2 کردیا۔ اس گول نے پٹنہ سرکل کی واپسی کی تمام امیدوں کو تقریباً ختم کر دیا۔کھیل کے دوران حیدرآباد کی ٹیم نے دباؤ برقرار رکھا، جس کا نتیجہ ایک پنالٹی کی صورت میں نکلا۔ سابق انٹرنیشنل کھلاڑی آر آنند کمار نے نہایت سکون اور مہارت کے ساتھ پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اسکور 0-3 کر دیا۔میچ کا چوتھا اور آخری گول محمد شہاب الدین نے اسکور کیا۔
