30 ٹیموں نے 15 مقامات پر مالیاتی اُمور کی تفصیلات حاصل کیں
حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے حیدرآباد کی 3 مشہور ہوٹلوں پر دھاوے کرتے ہوئے ٹیکس چوری معاملہ کی جانچ کی ہے۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی تقریباً 30 ٹیموں نے 15 مختلف مقامات پر دھاوے کئے اور ٹیکس ادائیگی کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کی مشہور پستہ ہاؤز، شاہ غوث اور محفل گروپ کی جانب سے ٹیکس چوری کی مبینہ شکایات پر انکم ٹیکس نے آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں مختلف مقامات پر دھاوے کئے۔ ہوٹلوں کے علاوہ کارپوریٹ دفاتر اور انتظامیہ کی قیامگاہوں پر بیک وقت دھاوے کئے گئے۔ تینوں مشہور زمانہ ہوٹلوں کی برانچس حیدرآباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں اور بیرونی ممالک میں بھی موجود ہیں۔ انکم ٹیکس کو مالیاتی سرگرمیوں سے لاعلم رکھنے کی شکایات پر دھاوے کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ عہدیداروں نے تینوں ہوٹلوں سے کئی اہم دستاویزات کو تحویل میں لیا جو مالیاتی اُمور کی تفصیلات پر مبنی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حکام نے دوپہر کے بعد بھی دھاوے جاری رکھے تھے۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سرکاری طور پر دھاوؤں سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔1