100 ایکڑ کے صنعتی پارکس کا منصوبہ ترک ، حکومت تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر حیدرآباد کے اطراف واکناف صنعتی اداروں کے لئے مختص کردہ اراضی کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے لئے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعد ریاست تلنگانہ میں موجود 100 ایکڑ اراضی جو کہ صنعتی پارکس کے قیام کیلئے مختص کی گئی تھی وہ اب آئی ٹی صنعت کیلئے استعمال کی جائے گی اور ان مقامات پر ریاستی حکومت کی جانب سے انڈسٹریل پارک کے بجائے آئی ٹی پارک کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئی ٹی صنعت میں دیکھی جانے والی بہتری کے سبب حکومت نے اپل‘ پوقارم ‘ گھٹکیسر اور کومپلی میں موجود ان صنعتی پارکس کو آئی ٹی پارکس میں تبدیل کرنے کے سلسلہ میں اقداما ت کا آغاز کردیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے شہر کے مغربی حصہ میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ان علاقو ں میں صنعتی پارکس کے لئے مختص اراضی کے مقصد استعمال کو تبدیل کرنے کی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے کئی اہم فیصلوں میں یہ بھی ایک اہم فیصلہ ثابت ہوگا کیونکہ صنعتی فروغ کے اغراض و مقاصد کیلئے مختص کردہ اراضی کو آئی ٹی صنعت کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کو حکومت کی جانب سے آئی ٹی کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں متعدد کوششوں کے طور پر لاکھوں مربع فیٹ اراضی جو کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اداروں کو درکار ہے ان کی ضرورتوں کو پور ا کرنے کیلئے یہ اقدام کیا جا رہاہے۔ ماہرین اور عہدیداروں کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتی ادارو ںکو سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور موجودہ حالات میں آئی ٹی صنعت کے تیزی سے فروغ کے امکانات کے پیش نظر شہر کے اطراف کے علاقوں کو آئی ٹی کے مراکز کے طور پر فروغ دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مغربی ترقیاتی پالیسی کے تحت کئی علاقوں کے علاوہ مشرقی ترقیاتی پالیسی کی تیاری بھی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ شہر کے دونوں جانب ایسے ترقیاتی پراجکٹس کو موقع فراہم کیا جائے جو کہ شہر حیدرآباد کی مجموعی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے والے ثابت ہوں۔