رنگاریڈی، میڑچل ، ملکاجگری اضلاع کیلئے چیف سکریٹری کے زیر قیادت نوڈل ایجنسیوں کی تشکیل ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد کے مضافات کو مزید تیز تر ترقی دینے کے مقصد سے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے آج فیصلہ کیا کہ چیف سکریٹری سومیش کمار کے زیر قیادت ایک نوڈل ایجنسی تشکیل دی جائے گی ۔ اضلاع رنگاریڈی ، میڑچل ، ملکاجگیری حیدرآباد کے اطراف موجود ہیں ۔ ان کی جامع اور مربوط ترقی کو یقینی بنانے یہ نوڈل ایجنسی کام کرے گی ۔ چندرا شیکھر راؤ نے پرگتی بھون پر اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا اور حیدرآباد کے اطراف شہری علاقوں میں اضافہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایات دی کہ وہ ان علاقوں کی ترقی کیلئے مختلف اقدامات کرنے اور مسائل سے نمٹنے کا جامع ایکشن پلان تیار کریں ۔ ہر ایک اسمبلی حلقہ میونسپلٹی اور دیگر اہم ٹاونس میں مربوط مارکٹ کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے ۔ سڑکیں ، برقی ، پینے کے پانی ، صاف صفائی ، سیوریج ڈرینج لائین ، کنال کی مرمت سیلاب کے پانی کے بہاؤ اور ٹریفک جیسے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ حیدرآباد تیزی سے کاسمو پولیٹن شہر بنتے جارہا ہے ۔ چیف منسٹر ارکان اسمبلی کو مشورہ کہ وہ مقامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے حلقہ واری ایکشن پلان تیار کریں ۔ حیدرآباد شہر تمام سہولتوں سے آراستہ ہوچکا ہے ۔ یہاں پر انٹرنیشنل ایرپورٹ کے علاوہ ایک موافق ماحولیاتی صورتحال پائی جاتی ہے ۔ مشن بھاگیرتا کے تحت دریا کرشنا اور گوداوری سے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ بستی دواخانہ قائم کئے گئے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف کے علاقوں جیسے شادنگر ، پداعنبرپیٹ ، ابراہیم پٹنم ، جل پلی ، شمس آباد ، ترکا یمجال ، منی کونڈہ ، نارسنگی ، آدی باٹلہ ، شنکر پلی ، تکوگوڑہ ، آمنگل ، جگل گوڑہ ، بڑنگپیٹ ، بنڈلہ گوڑہ جاگیر ، میر پیٹ ، پیر زادہ گوڑہ ، پوچارم ، گھٹکیسر ، کوم پلی ، ڈنڈیل وغیرہ علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کو تعمیر کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ تمام منخب نمائندوں اور ان اضلاع کے عہدیدادروں کا اجلاس طلب کریں اور ضروری کارروائی کریں ۔ چیف منسٹر کی یہ خواہش ہے کہ ان اضلاع میں رہنے والے عوام کو بھی حیدرآباد کے حدود پر بہتر تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔