ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں کی چیف منسٹر سے ملاقات، ٹریفک مسائل پر قابو پانے کیلئے خصوصی حکمت عملی
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ ریلوے نے حیدرآباد کے اطراف 3 بڑے ریلوے ٹرمنلس قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے تلنگانہ کو پہنچنے والی ٹرینوں کے پیش نظر یہ ٹرمنلس قائم کئے جارہے ہیں۔ دہلی، بنگلورو، کولکتہ جیسے شہروں کے مضافات میں یہ ریلوے ٹرمنلس قائم ہیں۔ دور دراز سے پہنچنے والی ٹرینوں کو شہروں سے گذرنے کی بجائے دیگر راستوں سے گذرنے کیلئے ’ایکسپریس ویز‘ مضافاتی علاقوں میں تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ ٹریفک مسائل کا حل برآمد کیا جاسکے۔ اسی منصوبہ پر عمل کرنے حیدرآباد کے اطراف 3 ریلوے ٹرمنلس قائم کئے جارہے ہیں جو آؤٹر رنگ روڈ و ریجنل رنگ روڈ کے درمیان ہوں گے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔ ورنگل کے راستہ سے ہوتے ہوئے چرلہ پلی میں ٹرمنل قائم کیا جارہا ہے۔ وقار آباد۔ ممبئی کے راستہ میں ناگولاپلی ٹرمنل (رام چندرا پور منڈل) میں تعمیر کرنے کا ڈیمانڈ بھی ہے۔ اس کے علاوہ محبوب نگر۔ بنگلورو راستہ کے درمیان (جوکل ۔ شمس آباد)، نظام آباد ۔ ناندیڑ (ڈبیر پورہ ۔ میڑچل) کے راستہ پر نئے ٹرمنلس قائم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان تجاویز کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے سامنے پیش کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے ان ٹرمنلس کے قیام کیلئے حکومت سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا ریلوے عہدیداروں کو تیقن دیا ہے۔ فی الحال سکندر آباد، نامپلی، کاچی گوڑہ کے بڑے ریلوے اسٹیشنس پر ٹریفک کا بہت زیادہ دباؤ ہے۔ مضافات سے شہر کے ریلوے اسٹیشنس کو پہنچنے ایک تا دیڑھ گھنٹے تک کا وقت لگ رہا ہے جس کے پیش نظر شہر کے مضافات میں ریلوے ٹرمنلس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ اگر یہ ٹرمنلس قائم ہو جاتے ہیں تو شہر میں ٹریفک مسائل بڑی حد تک کم ہو جائیں گے۔ موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا کیونکہ شہر حیدرآباد کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی تناسب سے پبلک ٹرانسپورٹ کو اہمیت دینے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2