میڈیکل اور نرسنگ کالجس کے ڈیزائنس کی تیاری، چیف منسٹر کے سی آر سے عنقریب منظوری
حیدرآباد۔/26ا کٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں غریبوں کو کارپوریٹ طرز کے علاج کو مفت فراہم کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں عصری آلات کی فراہمی کیلئے میڈیکل انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر وزیر عمارات و شوارع نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں تعمیر کئے جانے والے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے ڈیزائن اور دیگر اُمور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیکل اور نرسنگ کالجس کی عمارتوں کی تعمیر کا متعلقہ آرکیٹکس سے تفصیلات حاصل کی۔ عہدیداروں اور آرکیٹکس نے عمارتوں کے نقشے کے بارے میں پریزنٹیشن رکھا تھا۔ ورنگل میں قائم کئے جانے والے سوپر ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل اور حیدرآباد کے اطراف 4 ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے علاوہ نمس کی توسیع، سنگاریڈی، محبوب نگر، کتہ گوڑم، منچریال، جگتیال، ونپرتی، ناگر کرنول، راما گنڈم میں8 نئے میڈیکل کالجس کی عمارتوں کا جائزہ لیا گیا۔ سنگاریڈی، محبوب آباد، کتہ گوڑم، منچریال، ونپرتی، ناگرکرنول، سوریا پیٹ، نلگنڈہ، محبوب نگر، نظام آباد، عادل آباد، سدی پیٹ، گدوال اور بانسواڑہ میں 14 نرسنگ کالجس کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے مشورہ پر عمارتوں کے ڈیزائن میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ بہت جلد ہاسپٹلس اور کالجس کے ڈیزائنس کو چیف منسٹر کے پاس پیش کرتے ہوئے منظوری حاصل کی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے انجینئرس اور آرکیٹکس کو ہدایت دی کہ ڈیزائن کا کام جلد مکمل کریں۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار، سکریٹری ہیلت مرتضی علی رضوی، ڈائرکٹر نمس ڈاکٹر منوہر، آر اینڈ بی کے انجینئر انچیف گنپتی ریڈی، میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر چندر شیکھرریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ دواخانوں اور کالجس کے ڈیزائن کی تکمیل کے فوری بعد تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ر