حیدرآباد کے امان راؤکی وجے ہزارے میں ڈبل سنچری

   

Ferty9 Clinic

راجکوٹ،6 جنوری (آئی اے این ایس) حیدرآباد کے نوجوان بیٹر امان راؤ پیرالا نے وجے ہزارے ٹرافی کے جاری مقابلوں میں بنگال کے خلاف شاندار ڈبل سنچری اسکور کرکے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ نیرنجن شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں امان نے اپنے صرف تیسرے لسٹ اے مقابلے میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ امان نے اننگزکا آغاز محتاط انداز میں کیا اور ابتدائی 10 گیندوں پر صرف تین رنز بنائے، جب کہ ان کے اوپننگ ساتھی گہلوت راہول سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ دونوں کے درمیان سنچری شراکت قائم ہوئی۔ امان نے 65 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اس کے بعد آہستہ آہستہ رفتار تیزکرتے گئے۔ 21 سالہبیٹر نے 38ویں اوور میں 107گیندوں پر اپنی پہلی لسٹ اے سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد وہ مسلسل رنز بناتے رہے اور46 ویں اوور میں لگاتار دو چھکوں کی مدد سے 134 گیندوں پر150 رنز تک پہنچ گئے۔ اختتامی اوورز میں امان نے شاندار جارحانہ کھیل پیش کیا۔ امان نے صرف 20 گیندوں میں 150 سے 200 رنز تک کا سفر طے کرتے ہوئے آخری اوور میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور حیدرآباد کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنزکے مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 13 چھکے شامل تھے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ امان نے صرف گزشتہ ہفتے ہی لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیوکیا تھا، جب کہ ٹی20کرکٹ میں وہ اب تک 11 میچوں میں301 رنز بنا چکے ہیں، جہاں ان کا اوسط 33.44 اور اسٹرائیک ریٹ 162.70 رہا ہے۔ یہ اننگز وجے ہزارے ٹرافی کی تاریخ کی صرف نویں ڈبل سنچری ہے۔ ٹورنمنٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور نارائن جگدیسن کے نام ہے، جنہوں نے 277 رنز بنائے تھے۔ امان لسٹ اے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے صرف 15ویں ہندوستانی مرد بیٹر ہیں۔ موجودہ وجے ہزارے ٹرافی سیزن میں یہ دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل اوڈیشہ کے اوپنر سواستک سامل 212 رنز بنا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ امان راؤ پیرالاکوگزشتہ دسمبر میں منعقدہ آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں راجستھان رائلز نے خریدا تھا۔