حیدرآباد کے اپل گراونڈ پر میسی اور چیف منسٹر کی ٹیموں میں دوستانہ فٹبال میاچ

,

   

شائقین کا زبردست جوش و خروش‘فلک نما پیالس میں خصوصی پروگرام میں اہم شخصیات سے میسی کی ملاقات
محمد نعیم وجاہت
لیونل میسی نے شکریہ حیدرآباد کا نعرہ لگایا

حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : حیدرآباد میں ارجنٹینا کے فٹبال کے عالمی لجینڈ لیونل میسی کے ’گوٹ ٹور آف انڈیا ‘ کے تحت ہفتہ کو اپل گراونڈ پر ایک شاندار دوستانہ فٹبال میچ کھیلا گیا جس میں چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کی سنگارینی آر آر ٹیم نے میسی کی ٹیم کو شکست دے دی ۔ میسی کا دورہ حیدرآباد شائقین کیلئے تاریخ ساز بن گیا ۔ ہفتہ 13 دسمبر کو میسی کولکتہ سے خصوصی طیارے کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے جہاں سے انہیں سخت سیکوریٹی کے درمیان سیدھے فلک نما پیالیس پہنچایا گیا ۔ فلک نما پیالیس میں تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا ۔ پیالیس میں منعقدہ خصوصی پروگرام میٹ اینڈ گریٹ میں لیونل میسی ، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس قائد راہول گاندھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر سیاست ، فلم اور کھیلوں سے وابستہ کئی نامور شخصیات نے میسی سے ملاقات کی ۔ پروگرام کے بعد میسی ۔ ریونت ریڈی اور راہول گاندھی اپل اسٹیڈیم پہونچے جہاں میسی کی ٹیم اپرنا اور ریونت ریڈی کی سنگارینی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوستانہ فٹبال میچ نے شائقین کا جوش عروج پر پہنچادیا ۔ میچ کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی 18 ویں منٹ میں خود میدان میں اترے اور گول کر کے تماشائیوں کو محظوظ کیا ۔ پنالٹی شوٹ میں بھی انہوں نے کامیاب گول کیا جبکہ لیونل میسی نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں دو گول داغے جس پر اسٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا ۔ گراونڈ میں تھوڑی دیر کے لیے میسی اور ریونت ریڈی تفریحی فٹبال کھیل۔ اس موقع پر چیف منسٹر اپنے نواسے کو بھی گراونڈ میں لے آئے اور میسی سے تعارف کرایا ۔ میسی نے چند لمحے ریونت ریڈی کے نواسے کے ساتھ فٹبال کھیل کر شائقین کا دل جیت لیا ۔ بعد ازاں یادگار تصاویر بھی کھنچوائی گئی ۔ راہول گاندھی بھی میچ کے بعد یادگار تصاویر کا حصہ بن گئے ۔ ان اہم شخصیتوں نے ونر اور رنر ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ اس کے علاوہ میسی نے بچوں کو فٹبال کے گر بھی سکھائے ۔ تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے لیونل میسی نے شکریہ حیدرآباد کا نعرہ لگایا جس سے سارا اسٹیڈیم خوشی سے جھوم اُٹھا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور تلگو عوام سے ملنے پر بے حد خوشی ہوئی اور کہا کہ یہاں کے لوگوں نے جس محبت اور اپنائیت کا مظاہرہ کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے شکریہ حیدرآباد کہتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میسی کی حیدرآباد آمد اور اس عظیم ایونٹ کو ’ رائزنگ تلنگانہ ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عالمی پروگرام ریاست کی پہچان کو دنیا بھر میں اجاگر کرتے ہیں ۔ آخر میں لیونل میسی نے اسٹیڈیم میں ہاتھ ہلاکر شائقین کا خیر مقدم کیا ۔ جس سے سارا اسٹیڈیم میسی میسی کی نعروں سے گونج اُٹھا ۔ مجموعی طور پر لیونل میسی کا دورہ حیدرآباد کامیابی ، جوش و خروش اور تاریخی لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ وہ آج فلک نما پیالیس میں شب بسری کریں گے کل اتوار کی صبح ممبئی کیلئے روانہ ہوجائیں گے ۔