حیدرآباد۔ 3۔جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں دوبارہ سردی کی لہر کا آغاز ہوا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ سردی کی لہر جاری رہے گی۔ گذشتہ شب دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ 3جنوری کی رات بھی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے ۔ محکمہ موسمیا ت کی جانب سے سرد لہروں کے سلسلہ میں کوئی پیشگی انتباہ جاری نہیں کیاگیا تھا لیکن شہر کے درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ سے زبردست سردی محسوس کی جانے لگی تھی ۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے اس سلسلہ میں انتباہ جاری کرتے ہوئے اس بات کی پیش قیاسی کی تھی کہ شہر میں آئندہ تین یوم کے دوران موسم سرد رہے گا اور یہ موسم سرما کی آخری سردی کی لہر ہوگی جو کہ ماہ ڈسمبر کے اواخر میں شروع ہونے کے بجائے ماہ جنوری کے اوائل میں شدت اختیار کررہی ہے۔ 2 اور3 جنوری کی درمیانی شب کے دوران سب سے کم درجہ حرارت ضلع کمرم بھیم کے علاقہ سرپور میں ریکارڈ کیاگیا جہاں 6.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا۔اس کے علاوہ ضلع کمرم بھیم کے علاقہ گنیڈاری میں بھی 6.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ضلع سنگاریڈی کے علاقہ کوہیر میں 6.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا جبکہ عادل میں 7.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ضلع وقار آباد میں 7.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا جبکہ رنگاریڈی ضلع میں 7.3 اور بعض علاقوں میں 7.7 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں یونیورسٹی آف حیدرآباد کے علاقہ میں 8.8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا تھا جبکہ بی ایچ ای ایل کے قریب 8.8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا اسی طرح راجندر نگر کے علاقہ میں 9.4 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔3