نیشنل پولیس اکیڈیمی کے دو ملازمین میں کورونا پازیٹیو
حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد کے بعد کورونا کیسیس کے معاملہ میں ضلع رنگا ریڈی دوسرا ہاٹ اسپاٹ بن چکا ہے۔ رنگا ریڈی میں سرورنگر ، شیر لنگم پلی ، ایل بی نگر اور عبداللہ پور میٹ جیسے علاقے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آتے ہیں جہاں کیسیس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ نارسنگی ، معین آباد ، شنکر پلی ، راجندر نگر ، شاہ آباد ، چندن ویلی ، بالا پور اور دیگر علاقوں میں بھی کورونا کیسس دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں ۔ رنگا ریڈی ضلع میں ابھی تک 835 کیسس منظر عام پر آئے جبکہ منگل کو 74 پازیٹیو کیسس درج کئے گئے۔ چند دن قبل ضلع میں کیسس کی تعداد صرف 107 تھی۔ خاص طور پر شیر لنگم پلی منڈل میں جو آئی ٹی راہداری ہے وہاں کیسس کی تعداد میں اضافہ حکام کیلئے تشویش کا باعث بن چکا ہے ۔ جون کے پہلے ہفتہ تک کیسیس کی تعداد 100 سے کم تھی لیکن دو ہفتہ میں اچانک تعداد بڑھ چکی ہے۔ اسی دوران نیشنل پولیس اکیڈیمی میں مز ید دو اڈمنسٹریٹیو اسٹاف میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد اکیڈیمی میں پازیٹیو کیسس کی تعداد پانچ ہوچکی ہے۔ حال ہی میں تین آئی پی ایس پروبیشنرس کورونا سے متاثر پائے گئے تھے ۔